کجریوال نے آمرانہ قوتوں کو چیلنج کیا: سنیتا کجریوال

   

نئی دہلی: چیف منسٹر دہلی اور عام آدمی پارٹی کنوینر اروند کجریوال کی اہلیہ سنیتا کجریوال نے کہا کہ ان کے شوہر کے خون کے ہر قطرے میں حب الوطنی ہے اور انہوں نے ملک کی بدعنوان اور آمرانہ طاقتوں کو چیلنج کیا ہے ۔ سنیتا کجریوال نے میڈیا کو بتایا کہ اروند کجریوال نے عدالت میں اپنا فریق پیش کیا تھا۔ پورے ملک نے سنا۔ اگر کسی نے اروند کجریوال کی عدالت میں پیش کردہ ورژن نہیں سنا ہے تو وہ اسے ضرور سنیں۔ انہوں نے عدالت کے سامنے جو کہا اس کیلئے ہمت درکار تھی۔ اروند کجریوال سچے محب وطن ہیں۔ بالکل اسی طرح مجاہد آزادی نے بھی برطانوی آمریت کے خلاف جنگ لڑی۔انہوں نے کہا کہ اروند کجریوال کی حب الوطنی ان کے خون میں دوڑتی ہے ۔کجریوال نے ملک کی سب سے بدعنوان اور آمرانہ طاقتوں کو چیلنج کیا ہے ۔ انہوں نے دہلی کے لوگوں سے کہا کہ آپ نے اروند کجریوال کو اپنا بھائی اور بیٹا کہا ہے ۔ کیا آپ اس لڑائی میں بھائی اور بیٹے کا ساتھ نہیں دیں گے ؟ ہمیں یقین ہے کہ سب مل کر یہ جنگ لڑیں گے ۔ سنیتا نے دو واٹس ایپ نمبر 8297324624 اور 9700297002 جاری کیے ۔ انہوں نے کہا کہ آج سے ہم مہم شروع کر رہے ہیں۔ اس مہم کا نام ‘کجریوال کو آشیرواد’ ہے ۔ آپ اس واٹس ایپ نمبر پر اروند کجریوال کو اپنا آشیرواد، نیک تمنائیں اور دعائیں بھیج سکتے ہیں۔ اگر کوئی اور پیغام دینا چاہے تو وہ بھی دے سکتا ہے ۔ دہلی میں کئی ماؤں نے اپنے بیٹے کیلئے نیک خواہشات پیش کی ہے ۔ بہت سی بہنوں نے اپنے بھائی کیلئے نیک خواہشات پیش کیں ہیں۔ آپ واٹس ایپ نمبر پر لکھ کر اپنا پیغام بھیجیں۔انہوں نے کہا کہ آپ کو پیغامات بھیجنے پارٹی کا رکن بننے کی ضرورت نہیں ہے ۔