کجریوال نے آکسیجن ڈپو کا دورہ کیا

   

نئی دہلی: دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کجریوال نے کورونا کی ممکنہ تیسری لہر کے پیش نظر کی جانے والی تیاریوں کے سلسلے میں آج سِرَسپور واقع آکسیجن اسٹوریج ڈپو کا دورہ کیا۔ کجریوال نے کہا کہ سِرَسپور میں 57 میٹرک ٹن آکسیجن ذخیرہ کرنے کی استعداد کا کرایوجینِک ٹینک لگایا جا رہا ہے ۔ ساتھ ہی یہاں 12.5 میٹرک ٹن یومیہ آکسیجن پروڈکشن استعداد والی آکسیجن پروڈکشن پلانٹ بھی لگا رہے ہیں۔ دہلی میں 57 میٹرک ٹن کے تین آکسیجن اسٹوریج ٹینک قائم کیے گئے ہیں’ جن کی کل استعداد 171 میٹرک ٹن کی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہلی میں 19 آکسیجن پی ایس اے پلانٹ لگائے جا چکے ہیں اور آئندہ ایک دو دن میں ان کا افتتاح کیا جا سکتا ہے ۔ ہم کورونا کی ممکنہ تیسری لہر کے پیش نظر اپنی تیاریاں جنگی پیمانے پر کر رہے ہیں۔ آکسیجن اسٹوریج ڈپو کا معائنہ کرنے کے بعد مسٹر کیجریوال نے کہا کہ اگر کورونا کی تیسری لہر آتی ہے ، تو دہلی حکومت اس سے نمٹنے کے لیے اپنی تیاریاں زور شور سے کر رہی ہے ۔ کورونا کی دوسری لہر میں سب سے زیادہ دقت آکسیجن کی ہوئی تھی اور آکسیجن کی کمی کی وجہ سے کچھ دنوں تک دہلی کے عوام کو کافی زیادہ پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تھا لہٰذا اس کی تیاریاں زور شور سے چل رہی ہیں کہ اگر کورونا کی تیسری لہر آتی بھی ہے ، تو دہلی کے عوام کو آکسیجن کی کمی نہیں ہونی چاہیے ۔