نئی دہلی، 23 ستمبر (یو این آئی) عام آدمی پارٹی (عآپ) کے قومی کنوینر اروند کجریوال نے گزشتہ کچھ سال میں ہوئے انتخابات کو منسوخ کر کے دوبارہ ووٹنگ کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کی گرفتاری اور ان کے خلاف مقدمہ چلانے کا بھی مطالبہ کیا۔ کجریوال نے چہارشنبہ کے روز یہ مطالبہ ایک انگریزی روزنامے میں شائع رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے پریس کانفرنس میں کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ رپورٹ سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ الیکشن کمیشن کو گیانیش کمار مبینہ طور پر اکیلے چلا رہے تھے ، جبکہ کمیشن میں تین الیکشن کمشنر ہوتے ہیں اور تمام کو مساوی حقوق حاصل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کے فیصلے اتفاق رائے یا اکثریت کی بنیاد پر ہونے چاہئیں۔ مسٹر کیجریوال کے مطابق، رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ الیکشن کمشنر سکھبیر سنگھ سندھو اور وویک جوشی نے گزشتہ 10 مہینوں میں کم از کم 14 بار کچھ فیصلوں اور احکامات پر اعتراض درج کرایا۔