کجریوال کو بدنام کرنے ای ڈی کا چھاپہ:اے اے پی

   

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی(اے اے پی) نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کا اصل چہرہ اب ملک کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے اور یہ چھاپہ وزیر اعلی اروند کجریوال کو بدنام کرنے کے لیے مارا گیا ۔آپ کے سینئر لیڈر آتشی نے چہارشنبہ کو کہا کہ بی جے پی کی ای ڈی کا اصلی چہرہ اب ملک کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے ۔ منگل کو، ای ڈی نے کجریوال کے پی ایس اور ایم پی این ڈی گپتا کے گھر پر 16 گھنٹے تک چھاپہ مارا لیکن آخر تک یہ نہیں بتایا کہ اس نے کس معاملے میں چھاپہ مارا تھا۔ ای ڈی نے نہ تو ان سے پوچھ گچھ کی، نہ ان کے گھر کی تلاشی لی اور نہ ہی اپنے پنچنامے میں کسی کیس کا ذکر کیا۔ ای ڈی کے چھاپے کا بنیادی مقصد صرف میڈیا میں ماحول بنانا تھا تاکہ کجریوال کو بدنام کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ ای ڈی کے چھاپوں اور سمن کا مقصد صرف وزیر اعلی اروند کجریوال پر حملہ کرنا اور انہیں کچلنا ہے ۔ بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی جانتے ہیں کہ اگر کوئی انہیں چیلنج کر سکتا ہے تو وہ صرف وزیر اعلی اروند کجریوال ہیں۔ اروند کجریوال چھاپوں، سمن اور جیل جانے سے نہیں ڈرتے ۔اے اے پی لیڈر آتشی نے کہا کہ پہلے یہ طے ہوتا ہے کہ کس کو جیل میں ڈالنا ہے اور پھر فیصلہ کیا جاتا ہے کہ کس کیس کے تحت، لیکن اب صورتحال یہ ہے کہ بی جے پی کی مرکزی حکومت نے ای ڈی کو جیل میں ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اب یہ بالکل واضح ہے کہ یہ تحقیقات نہیں بلکہ دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال کو ختم کرنے کی سازش ہے ۔