نئی دہلی : عام آدمی پارٹی نے جمعہ کو حکومت سے پاکستان میں واقع کرتار پور گردوارہ جانے والے یاتریوں کے لئے 20 ڈالر فیس معاف کرنے اور پاسپورٹ کی جگہ آدھار جیسے کسی بھی شناختی کارڈ کو تسلیم کرنے کی اپیل کی۔عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے راگھو چڈھا نے آج راجیہ سبھا میں وقفہ صفر کے دوران اس مسئلہ کو اٹھاتے ہوئے کہا کہ ملک کی سکھ برادری کرتارپور صاحب میں پوجا کرنا چاہتی ہے لیکن مختلف مجبوریوں کی وجہ سے وہ اپنے مقدس گوردوارہ میں متھا ٹیکنے سے قاصر ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرتارپور جانے کے لیے 20 ڈالر فیس ادا کرنا ہوتا ہے ۔ لہٰذا حکومت سے درخواست ہے کہ اس فیس کو معاف کیا جائے تاکہ سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے ہر شخص کرتاپور صاحب کا دورہ کر سکے ۔ اس کے ساتھ ہی حکومت ہند کو کرتار پور جانے کے لیے پاسپورٹ کی شرط ختم کرنے کے لیے پاکستان سے بات کرنی چاہیے اور پاسپورٹ کی جگہ آدھار جیسے شناختی کارڈ کو تسلیم کیا جانا چاہیے ۔کرتارپور صاحب کی زیارت کے لیے آن لائن رجسٹریشن کے نظام میں ریلیف دینے کی اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگ ایسے ہیں جو آن لائن رجسٹریشن نہیں کر پا رہے ہیں جس کی وجہ سے وہ اس مقدس مقام کی زیارت نہیں کر پا رہے ہیں۔