کرسٹیانو رونالڈو اور جارجینا روڈریگز کی 8 اگسٹ کو شادی متوقع

   

لزبن 3 اگسٹ ( ایجنسیز ) عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اور ان کی منگیتر جارجینا روڈریگز کی شادی کی تاریخ سامنے آ گئیں۔ رپورٹس کے مطابق طویل عرصے سے ساتھ رہنے والے رونالڈو اور جارجینا اب شادی کرنے جا رہے ہیں، جوڑے کی شادی پرتگال کے جزیرے مڈیرا میں ہونے کی اطلاعات ہیں، جہاں رونالڈو پیدا ہوئے اور ان کی پرورش ہوئی۔ اگرچہ رونالڈو اور جارجینا نے تاحال تاریخ یا مقام کی باضابطہ تصدیق نہیں کی، تاہم برطانوی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ شادی کی تقریب 8 اگست کو متوقع ہے، جس نے کھیلوں اور شوبز کی دنیا میں خاصی توجہ حاصل کر لی ہے۔ برطانوی اخبار دی سن کے مطابق شادی کی تقریب مڈیرا کے دارالحکومت فنشال کیتھیڈرل میں ہونے کا امکان ہے، جس کے بعد فائیو اسٹار ساوائے پیلس ہوٹل میں استقبالیہ دیا جائے گا۔ رپورٹس کے مطابق رونالڈو نے 8 سال تک تعلق میں رہنے کے بعد جارجینا کو شادی کی پیشکش کی تھی، 40 سالہ فٹبالر نے اپنی اسپینش پارٹنر کو قیمتی ہیرے کی انگوٹھی پیش کی، جسے جارجینا نے قبول کر لیا تھا۔ بعد ازاں جارجینا نے انسٹاگرام پر انگوٹھی کی تصویر بھی شیئر کی تھی، جس میں ان کا ہاتھ رونالڈو کے ہاتھ پر تھا اور انگلی میں بڑی ہیرے کی انگوٹھی تھی۔ رونالڈو اور جارجینا کی محبت 8 سال قبل شروع ہوئی، جب جارجینا میڈریڈ میں ایک فیشن برانڈ آؤٹ لیٹ پر کام کرتی تھیں، دونوں کو پہلی بار 2017ء میں عوام میںساتھ دیکھا گیا تھا، دونوں کے 5 بچے ہیں، تاہم اپریل 2022ء میں ان کے جڑواں بچوں میں سے ایک چل بسا تھا۔