ممبئی : بالی ووڈ اداکار سونو سود کا کورونا وائرس لاک ڈاؤن اور دیگر تحدیدات سے متاثرہ افراد کیلئے فراخدلانہ امداد کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کرغزستان میں پھنسے ہندوستانی اسٹوڈنٹس کیلئے وطن واپسی کا انتظام کیا ہے ۔ بتایا گیا کہ سونو نے بشکیک سے چارٹرڈ فلائیٹ کا انتظام کیا جس کے ذریعہ زائد از 3000 ہندوستانی طلبہ جاریہ وبائی صورتحال میں وطن کو واپس ہونے کے قابل ہوئے۔ سونو نے ٹوئیٹ کیا کہ کرغزستان میں مقیم تمام ہندوستانی طلبہ سے مخاطب ہوں کہ اب وطن واپسی کا وقت آچکا ہے۔ ہم 22 جولائی کو پہلی چارٹرڈ فلائیٹ بشکیک سے وارانسی کیلئے چلا رہے ہیں۔ کرغزستان میں 28,000 سے زیادہ کووڈ۔19 کیس منظر عام پر آئے ہیں۔ سونو نے سب سے پہلے ملک میں مختلف ریاستوں میں پھنسے مزدوروں کو ان کی آبائی ریاستوں کو بھیجنے کا انتظام کیا تھا۔