سیاست کی خبر کا اثر
حیدرآباد۔ کرما گوڑہ کے علاقہ میں مسجد معراج کے روبرو کھلے مین ہول کے بارے میں روز نامہ ’سیاست‘ میں خبر کی اشاعت کے فوری بعد حکام خواب غفلت سے بیدار ہوئے اور گذشتہ ایک ماہ سے مصلیوں اور مقامی افراد کیلئے دشواریوں کا سبب بننے والے مین ہول کو بند کرنے کا کام انجام دیا گیا۔ واضح رہے کہ مسجد معراج اور اس کے اطراف و اکناف کا علاقہ کثیر آبادی والا ہے اور ہر نماز میں مصلیوں کی کثیر تعداد شریک ہوتی ہے۔ مسجد کے باب الداخلہ کے روبرو حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس کا کھلا مین ہول مصلیوں کیلئے خطرہ بن چکا تھا۔ مین ہول ٹوٹ جانے کے بعد اس کی کوئی مرمت نہیں کی گئی جس کے نتیجہ میں حادثات پیش آرہے تھے اور ٹریفک میں مسلسل خلل پیدا ہورہا تھا۔ تاریکی میں مسجد کو آنے والے مصلیوں کیلئے برقرار خطرہ کو دیکھتے ہوئے مقامی افراد نے متعلقہ کارپوریٹر اور واٹر ورکس حکام سے بارہا نمائندگی کی لیکن کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا۔ روز نامہ سیاست میں 25 نومبر چہارشنبہ کو تصویر کے ساتھ یہ خبر شائع کی گئی تھی۔ خبر کی اشاعت کے چند گھنٹوں میں واٹر ورکس کے حکام متعلقہ مقام پر پہنچ گئے اور مین ہول کی تعمیر کا کام شروع کیا گیا اور دوسرے دن نیا مین ہول تیار ہوچکا تھا۔ مقامی افراد اور مصلیوں نے روز نامہ سیاست سے اظہار تشکر کیا ہے۔