چیف منسٹر کے سی آر کی انسانی ہمدردی مثالی : وزیر ٹی سرینواس یادو
حیدرآباد۔ 27 جون (پریس نوٹ) ریاستی وزیر برائے افزائش مویشیاں، سمکیات، فروغ ڈیری اور سینیماٹوگرافی تلاسانی سرینواس یادو نے کرناٹک میں پیش آئے بس حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ حیدرآباد کے علاقے بولارام کے ساکن ارجن کمار، ان کی اہلیہ سرلا، فرزند ویوان، کے انیتا، گھوڑے کی قبر علاقے کے ساکن شیو کمار، ان کی اہلیہ راولی اور فرزند ڈکشٹ کرناٹک کے کالا بگی علاقے میں پیش آئے ایک حادثے میں ہلاک ہوگئے۔ سرینواس یادو نے آج یہاں کنٹونمنٹ کے ایم ایل اے سیان اور ضلع کلکٹر شرمن کے ہمراہ مانصاحب ٹینک میں واقع اپنے دفتر میں متاثرین کے اہل خانہ کو حکومت کی طرف سے منظور شدہ مالی امداد فراہم۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ چیف منسٹر جناب کلوا کنٹلا چندر شیکھر راؤ جنہوں نے واقعہ کے دن اس حادثے کی جانکاری حاصل کی تھی، نے کرناٹک حکومت سے بات کی اور ان سے کہا تھا کہ وہ زخمیوں کو بہتر علاج فراہم کرے۔ انہوں نے یہ بھی یاد دہانی کرائی کہ انسانی ہمدردی کے پیش نظر حادثے میں ہلاک ہونے والوں کو فی کس 3 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50 ہزار روپے فراہم کئے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ کے جاری کردہ بیان کے مطابق حکومت نے سات متاثرین کے لواحقین کیلئے 24.50 لاکھ روپے کی منظوری دی ہے۔ مہلوکین کے لیے 3 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کیلئے 50,000 روپے مالیاتی امداد کے چیک متاثرہ خاندان کے افراد کے حوالے کیے گئے۔ اس موقع پر آر ڈی اوز وسنتا کماری، وینکٹیشور، تحصیلدار حسینہ، پرساد راؤ، نوین، کنٹونمنٹ بورڈ کے سابق ممبران لوک نادھم اور دیگر موجود تھے۔