کرناٹک: رکن اسمبلی کے فرزند کی شادی۔ سینکڑوں افراد کی شرکت۔ ریاستی وزیر صحت نے بھی شرکت۔ رہنمایانہ اصولوں کی مبینہ خلاف ورزی۔ ایف آئی آر درج

,

   

بنگلور(کرناٹک): کیا اس ملک میں سیاسی قائدین اور عام آدمی کیلئے قانون الگ الگ ہیں؟ آئین ہر ہندوستانی کیلئے یکساں ہیں۔ چاہے وہ کسی بھی پارٹی سے تعلق رکھتا ہو، یا کسی بھی مذہب سے تعلق رکھتا ہو، امیر ہو یا غریب، وی آئی پی ہوں یا عام آدمی سب کیلئے قانون برابر ہے۔ جبکہ مرکزی حکومت کی جانب سے جاری کردہ رہنمایانہ ہدایت میں واضح طور پر بتایا گیا کہ شادی بیاہ کی تقاریب میں صرف 50 افراد شرکت کرسکتے ہیں، لیکن جب سیاسی قائدین کے یہاں شادی بیاہ کی تقاریب ہوتی ہیں تو ان کے یہاں قانون کیسے بدل جاتا ہے؟ ایک ایسا ہی واقعہ کرناٹک ریاست میں سامنے آیا جہاں ایک سیاسی قائد کی بیٹے کی شادی میں سینکڑوں افراد نے بغیر ماسک لگائے، سماجی فاصلہ کی مبینہ خلاف ورزی کرتے ہوئے شرکت کی۔

YouTube video

کرناٹک کے کانگریس کے رکن اسمبلی کے فرزند کی شادی کی تقریب میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر جب حکومت کی جانب سے جاری کردہ احکامات کو مکمل طورپر نظر انداز کردیا گیا ہے۔ نہ تو یہاں پر سماجی فاصلہ برقرار رکھا گیا ہے اور نہ ماسک کا استعمال کیاگیا ہے۔ یہی نہیں ریاستی وزیر صحت کے علاوہ دیگر وزراء نے بھی اس شادی کی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے فخر محسوس کررہے تھے۔ جب کسی عام آدمی کے یہاں تقریب ہوتی ہے تو انہیں پورے احکامات، ہدایات او راحتیاطی تدابیر اختیار کروانے کی کوشش کی جاتی ہے۔

ذرائع کے مطابق ریاست کرناٹک کے بیلاری ضلع میں کانگریس پارٹی کے رکن اسمبلی اور سابق ریاستی وزیر پی ٹی پرامیشور نائک کے فرزند کی شادی میں ایک اندازے کے مطابق 800 لوگوں نے شرکت کی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق سینکڑوں افراد موجود ہونے پر اس شادی کیلئے اجازت بھی نہیں دی گئی تھی۔ اس باوقار شادی کی تقریب میں شہر کی اہم شخصیات نے شرکت کی جن میں سابق وزیر اعلی سدارامیا، سابق نائب وزیر اعلی ڈاکٹر جی پرمیشور، کرناٹک کانگریس کے صدر ڈی کے شیوا کمار، سابق وزیر پرینکا کھارگے کے علاوہ کانگریس پارٹی کے دیگر وزراء نے بھی شرکت کی۔۔ ریاستی وزیر صحت بی سری راملو بھی اس تقریب میں بغیر ماسک لگائے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق یہ تیسری مرتبہ ہے جو انہوں نے پبلک میں لاک ڈاؤن گائیڈ لائنس کی مبینہ خلاف ورزی کی۔ اخباری نمائندوں نے جب رکن اسمبلی پرمیشور سے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کے متعلق سوال کیا تو انہوں نے بتایا کہ ہم نے صرف چند لوگوں کو مدعو کیا تھا اور ہم عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ شادی میں شرکت نہ کریں لیکن یہ لوگ اپنی خودی سے ہی آگئے ہیں۔ رکن اسمبلی پی ٹی پرمیشور نائک سدارامیا حکومت میں وزیر لیبر رہ چکے ہیں اور اب حلقہ اسمبلی ہووینا ہداگلی سے نمائندگی کرتے ہیں۔شادی کی اس تقریب میں کئی مناظر دیکھے گئے ہیں۔ یہاں پر ایک سفید رنگ کا ہیلی کاپٹر بھی لینڈ کروایا گیا تھا جسے دیکھنے کیلئے لوگ امڈ پڑے۔ ایک دوسری تصویر میں دیکھا گیا کہ نئے جوڑے کے ساتھ کئی مہمان ایک ساتھ تصویر کھنچوارہے تھے۔ اس موقع پر نہ تو سماجی فاصلہ برقرار رکھا گیا اور نہ ہی چہرے پر ماسک لگایا گیا او رسب لوگ کاندھے سے کاندھا ملا کر مسکراتے ہوئے تصویر کھنچوارہے تھے۔ ایک تازہ ترین خبر کے مطابق رکن اسمبلی پرمیشور کے خلاف آراسی کیرے پولیس اسٹیشن دیوانگر ضلع میں ایف آئی آر درج کرلی گئی ہیں۔ ریاستی وزیر داخلہ بسواراج بومائی نے ڈپٹی کمشنر اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو ہدایت دی کہ اس معاملہ میں سخت کارروائی کریں۔