کرناٹک میں مندکلی ہوائی اڈہ کا نام ٹیپو سلطان سے موسوم

   

اسمبلی میں تجویز منظور‘ بی جے پی کا شدید اظہار ناراضگی

بنگلورو:کرناٹک میں ایک بار پھر ٹیپو سلطان کے نام پر سیاست شروع ہو گئی ہے۔ ریاست میں برسراقتدار کانگریس کے ایک رکن اسمبلی نے مندکلی ہوائی اڈہ کا نام اٹھارہویں صدی کے حکمراں ٹیپو سلطان کے نام پر رکھنے کی تجویز پیش کی ہے۔ اسمبلی سے یہ تجویز جمعرات کو اتفاق رائے سے پاس ہو گئی۔ اس عمل سے بی جے پی میں شدید ناراضگی دیکھنے کو مل رہی ہے۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ صرف مندکلی ہوائی اڈہ کا نام ہی بدلنے کی تجویز اسمبلی سے منظور نہیں ہوئی ہے، بلکہ کچھ دیگر ہوائی اڈوں کے نام بھی مشہور ہستیوں کے نام پر کرنے کی تجویز ہے۔ میڈیا کے مطابق تجویز میں کہا گیا ہے کہ ہبلی ہوائی اڈے کا نام کرانتی ویرا سنگولی راینّا، بیلگاوی ہوائی اڈہ کا نام کتّور رانی چینما، شیوموگا ہوائی اڈے کا نام ڈاکٹر کے وی پوٹپا (کویمپو) اور وجئے پورہ ہوائی اڈہ کا نام شری جگ جیوتی بسویشور ہونا چاہیے۔ہبلی۔دھارواڑ (مشرق) اسمبلی حلقہ سے منتخب پرساد ابیّا نے ہوائی اڈہ کے نام بدلنے پر بحث کے دوران میسورو ہوائی اڈہ کا نام ٹیپو سلطان ہوائی اڈہ کرنے کی تجویز پیش کی۔ کانگریس لیڈر کے اس بیان کے بعد اپوزیشن پارٹی بی جے پی نے احتجاجی مظاہرہ شروع کر دیا۔ کرناٹک میں ٹیپو سلطان کے نام پر تنازعہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔ اس کی شروعات 10 نومبر 2016 کو اس وقت ہوئی تھی جب سدارمیا کی قیادت والی اس وقت کی کانگریس حکومت نے ٹیپو سلطان کا یومِ پیدائش منایا تھا اور بی جے پی نے اس پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔