کرناٹک میں وسط مدتی چناؤ میں شبہ نہیں : دیوے گوڑا

   

بنگلورو ، 21 جون (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک میں برسراقتدار اتحاد میں بڑھتی کشیدگی کی علامت میں سابق وزیراعظم اور جے ڈی (ایس) سربراہ ایچ ڈی دیوے گوڑا نے آج کہا کہ ریاستی اسمبلی کیلئے وسط مدتی چناؤ کے انعقاد میں کوئی شبہ نہیں ہے۔ گوڑا نے یہ بھی کہا کہ وہ نہیں جانتے کانگریس۔ جے ڈی (ایس) حکومت کتنا عرصہ چلے گی، کیونکہ یہ مخلوط کے سینئر پارٹنر پر منحصر ہے۔ اس حکومت کی سربراہی دیوے گوڑا کے فرزند ایچ ڈی کمارا سوامی کررہے ہیں۔ دیوے گوڑا نے یہاں میڈیا والوں کو بتایا کہ وسط مدتی چناؤ ہونے کے بارے میں کوئی شائبہ نہیں ہے۔ انھوں (کانگریس) نے کہا تھا کہ وہ ہماری پانچ سال کیلئے حمایت کریں گے۔ میں تمام تر تبدیلیوں اور اُن کے برتاؤ کا مشاہدہ کررہا ہوں۔ ہمارے لوگوں معقول حد تک فہم و ادراک کے حامل ہیں۔ ہمیں اُن کو سکھانے کی ضرورت نہیں ہے۔ دیوے گوڑا کی نکتہ چینی ایسی اطلاعات کے درمیان ہوئی ہے کہ کانگریس لیجسلیچر پارٹی لیڈر اور سابق چیف منسٹر سدارامیا نے صدر پارٹی راہول گاندھی کو واقف کرایا ہے کہ اس اتحاد سے قدیم پارٹی کو نقصان پہنچ رہا ہے اور یہ حالیہ لوک سبھا چناؤ کے نتیجے میں واضح ہوا ہے۔