کرناٹک میں ’PayCM‘ کے پوسٹر ، کانگریس لیڈر گرفتار

   

بنگلور : کرناٹک کانگریس کے سربراہ ڈی کے شیوکمار اور پارٹی کے کئی دیگر رہنماؤں کو جمعہ کو PayCM مہم کے سلسلے میں بنگلورو میں حراست میں لیا گیا تھا۔ حراست میں لیے گئے رہنماؤں میں بی کے ہری پرساد، پریانک کھرگے، رندیپ سنگھ سرجے والا اور دیگر رہنما شامل ہیں۔ یہ لیڈر بنگلورو میں سی ایم بسواراج بومائی کیخلاف PayCM کے پوسٹر چسپاں کر رہے تھے۔ کانگریس کی PayCM مہم حکمران بی جے پی کے رہنماؤں کی طرف سے بلڈروں، ٹھیکیداروں اور دیگر سے 40 فیصد کمیشن وصول کرنے کے الزامات کے درمیان سامنے آئی ہے۔کانگریس کے دعوؤں نے اگلے سال ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل ریاست میں ایک بڑا سیاسی طوفان کھڑا کر دیا ہے۔اس ہفتے کے شروع میں کانگریس نے بنگلورو کے قریب نیل منگلا میں بی جے پی کے دفتر میں PayCMکے پوسٹر لگائے۔ کانگریس نے بعد میں اپنی پی سی ایم مہم کی تصاویر میڈیا کے ساتھ شیئر کیں۔ حکومتی ہدایت پر معاملے کی جانچ کر رہی پولیس نے چہارشنبہ کو کانگریس کی کرناٹک یونٹ کی سوشل میڈیا ٹیم کے سابق سربراہ بی آر نائیڈو کو گرفتار کر لیا۔