کرناٹک کا ناٹک کانگریس کے ارکان خریدنے بی جے پی کی کوشش

   

عوام میں مخلوط حکومت کو کمزور ظاہر کرنا زعفرانی جماعت کا مقصد : نواب ملک
ممبئی ۔ 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک میں رونما ہونے والی ڈرامائی سیاسی تبدیلیوں پر بی جے پی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) نے آج کہا کہ کانگریس جے ڈی (ایس) حکومت کو بیدخل کرنے زعفرانی جماعت کی کوششوں کا مقصد لوک سبھا انتخابات سے قبل عوام میں یہ تاثر دینا ہیکہ مخلوط حکومتیں غیرمستحکم ہوئی ہیں۔ این سی پی کے قومی ترجمان نواب ملک نے کہا کہ اس جنوبی ریاست میں ایچ ڈی کمارا سوامی حکومت کو بیدخل کرنے کیلئے کانگریس کے چند ارکان کو خریدنے کی کوششوں میں بی جے پی کامیاب نہیں ہوگی۔ نواب ملک نے کہا کہ بی جے پی اپنی لاکھ کوششوں کے باوجود کرناٹک میں حکومت تشکیل نہیں دے سکے گی کیونکہ اس کے پاس ارکان کی مطلوبہ تعداد نہیں ہے۔ 224 رکن کرناٹک اسمبلی میں کانگریس کے 79، جے ڈی (ایس) 37، بی جے پی 104، ایک ایک بی ایس پی، کے پی جے پی اور آزاد رکن ہیں۔