کرناٹک کے پراجکٹوں سے پانی کا اخراج ، مکتھل کے بیشتر مواضعات زیر آب

   

ریاستی وزیر سرینواس گوڑ کا دورہ ، سیلابی صورتحال کا جائزہ ، محکمہ فائر اور میڈیکل کو 24 گھنٹے چوکس رہنے کی ہدایت

نارائن پیٹ /30 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاستی وزیر اکسائز مسٹر وی سرینواس گوڑ نے رکن اسمبلی مکتھل اور ضلع کلکٹر نارائن پیٹ مسٹر کویا سری ہرشا، آئی اے ایس کے ساتھ نارائن پیٹ ضلع کے مکتھل منڈل کے موضع پسپولا میں دریائے کرشنا کے سیلابی پانی کا معائنہ کیا ۔ بعد ازاں انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ پڑوسی ریاست کرناٹک کے آلماٹی اور نارائن پور پراجکٹوں سے بڑے پیمانے پر پانی کے اخراج سے مکتھل منڈل کے بیشتر مواضعات زیر آب آگئے ہیں ۔ انہوں نے اس علاقہ کے عوام کو آگاہ کیا کہ مزید چند دنوں بلکہ موسم باراں کے اختتام تک ان پراجکٹوں سے پانی چھوڑے جانے کے سبب لوگوں کو چوکس رہنا چاہئے ۔ نارائن پور پراجکٹ سے 1.70 لاکھ کیوبک پانی چھوڑا گیا ہے ۔ جو نیچے کے علاقوں میں تیزی سے بڑھ رہا ہے ۔ ضلع کلکٹر نارائن پیٹ مسٹر کویا سری ہرشا ، کرناٹک کے بیجاپور ضلع کلکٹر سے مسلسل رابطہ میں ہیں ۔ ریاستی وزیر نے حکام کو حکم دیا کہ وہ سیلاب کی سطح آب میں کمی تک دتا پٹھانک مندر جو دریائے کرشنا کے بیچ ایک جزیرہ نما پہاڑ پر واقع ہے ۔ زائرین کو کشتیوں سے لے جانے کا سفر روک دیں ۔ حالیہ واقعہ میں چار افراد ان کشتیوں کے ڈوب جانے سے غرقاب ہوگئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ناگرجنا ساگر کے کشتی رانوں کو یہاں حادثات سے بچنے کیلئے کشتی چلانے کی تربیت دی جارہی ہے ۔ حالیہ واقعہ کے سبب عوام میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے ۔ دریائے کرشنا کے طاس میں بسنے والے مواضعات کے عوام کو چوکس رہنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ نارائن پیٹ ضلع کے جن علاقوں سے دریائے کرشنا گذرتی ہے ضلع کے محکمہ فائر میڈیکل کو 24 گھنٹے چوکس رہنا چاہئے ۔ جزیرہ دتاپٹھم تک محکمہ سیاحت کے زیر اہتمام جلد ہی بڑی کشتیوں کا اہتمام کیا جائے گا ۔ تاکہ زائرین دتا پٹھم مندر کو درشن کیلئے آسانی سے آجاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ دتاپٹھم تک ایک پل بنانے کیلئے بھی نمائندگی کریں گے تاکہ عقیدت مند کسی خطرے کے بغیر اس پل کے ذریعہ مندر کو جاسکیں ۔ انہوں نے اس جزیرہ نما مندر کو سیاحتی مرکز کے طور پر ترقی دینے اور اس مقام پر 15 ایکڑ اراضی پر گرین ہوٹل کنونشن سنٹر اور بوٹنگ قائم کریں گے ۔ اس موقع پر رکن اسمبلی مکتھل مسٹر رام موہن ریڈی ضلع کلکٹر مسٹر کویا سری ہرشا ، ایس پی مسٹر این وینکٹیشورلو ، ڈی ایس پی مسٹر ستیہ نارائنا ، تحصیلدار نرسپا ، ایم پی ڈی او مسٹر سریدھر مقامی سرپنچ اور عوامی نمائندے موجود تھے ۔