کروناوائرس متاثرین کے علاج کیلئے موثر انتظامات

   

تمام میڈیکل کالجس و ہاسپٹلس میں تمام سہولتیں، عہدیداروں کو ریاستی وزیر کی ہدایات
حیدرآباد ۔ 3فبروری ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر صحت مسٹر ای راجندر نے ریاست میں ’ کرونا وائرس‘ کے سلسلہ میں ’ ہائی الرٹ‘ کو پیش نظررکھتے ہوئے تمام میڈیکل کالجوں اور ان سے ملحقہ ہاسپٹلس میں مبینہ مشکوک وائرس کیسیس کا علاج کرنے تمام تر انتظامات کرنے کی محکمہ صحت و طبابت کے عہدیداروں کو ہدایات دیں ۔ وزیر صحت و طبابت مسٹر ای راجندر جنہوں نے آج گاندھی ہاسپٹل میں ’ وائیرالوجی لیاب‘ کا معائنہ کیا تھا ۔ بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں ابھی تک ’ کرونا وائرس ‘ سے متعلق کوئی پازیٹیو( مثبت) کیس درج نہیں ہوا ہے جبکہ گاندھی ہاسپٹل میں کرونا وائرس کے ٹسٹ کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ دن تک کرونا وائرس سے متعلق ٹسٹ کے نمونے پونا ( مہاراشٹرا) کو روانہ کئے گئے ۔ وزیر موصوف نے بتایا کہ ہاسپٹلس میں وائرس کے متاثرین کو 24 گھنٹے طبی سہولتیں فراہم کرنے کے موثر انتظامات کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ تین دن کے دوران چین سے 15 افراد کے ریاست تلنگانہ میں آنے کی ریاستی محکمہ صحت و طبابت کی جانب سے قائم کردہ کنٹرول روم کو اطلاعات موصول ہوئی ہے اور ان تین یوم کے دوران جملہ 35 افراد نے کنٹرول روم کو فون کئے جن میں 15 افراد چین سے ریاست کو آنے کی اطلاعات ہیں اور ان 15 افراد میں کرونا وائرس سے متاثر مشتبہ صورتحال نہیں پائی جاتی ہے ۔ مسٹر ای راجندر نے بتایا کہ وائرس کا پتہ چلنے کیلئے 14یوم درکار ہوں گے ۔ لہذا ان تمام افراد سے اپنے مکانات میں ہی مقیم رہنے اور احتیاط برتنے کی خواہش کی ۔