جرمنی : برلن کے پبلک براڈکاسٹر آر بی بی کی ڈائریکٹر پیٹریشیا شلیزنگر کرپشن اور بدانتظامی کے الزامات کے تناظر میں مستعفی ہو گئی ہیں تاہم جرمنی میں عوامی نشریاتی اداروں کے حوالے سے بحث تیز ہو گئی ہے۔پیٹریشیا شلیزنگر کے خلاف عائد کردہ الزامات کی فہرست خاصی لمبی ہے۔ وہ ابھی کچھ روز قبل تک علاقائی پبلک براڈکاسٹر RBB (ریڈیو برلن برانڈن برگ) کی ڈائریکٹر تھیں جب کہ جرمنی کے قومی سطح پر نو علاقائی براڈکاسٹرز اور ڈوئچے ویلے کی گردشی سربراہی پر بھی فائز تھیں۔جرمنی میں پبلک نشریاتی اداروں کے لیے فی گھرانا ماہانہ 18.36 یورو کی لازمی فیس وصول کی جاتی ہے۔ ایسے میں کرپشن اسکینڈل نے جرمنی میں پبلک براڈکاسٹنگ کے شبعے میں تبدیلیوں کے مطالبات کو مہمیز دی ہے۔ شلیزنگر پر الزامات ہیں کہ انہوں نے مشکوک انداز سے سرمائے کا استعمال کیا جب کہ کنسلٹنسی کانٹریکٹ بھی متنازعہ انداز سے دیے۔