کرکٹ میاچس پر سٹہ بازی، چھ سٹہ باز بشمول خاتون گرفتار

   

حیدرآباد۔ آئی پی ایل کرکٹ میچس پر سٹہ بازی میں ملوث دو ریاکٹس کو ٹاسک فورس پولیس نے بے نقاب کرتے ہوئے6 سٹہ بازوں بشمول ایک خاتون کو گرفتار کرلیا۔ پہلی کارروائی میں ٹاسک فورس سنٹرل زون ٹیم نے این راما کرشنا اور اس کے ساتھیوں ارون یادو، ناگیندر، دلیپ کمار کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ گاندھی نگر ایس بی آئی کالونی میں واقع ایک مکان میں مذکورہ سٹہ باز آن لائن سٹہ بازی میں ملوث تھے اور موبائیل اپلکیشن کے ذریعہ سٹہ کی رقم حاصل کررہے تھے۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر ٹاسک فورس سنٹرل زون ٹیم نے گاندھی نگر علاقہ میں دھاوا کرتے ہوئے سٹہ بازوں کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 39 ہزار نقد رقم، 6 موبائیل فون، ایل ای ڈی ٹی وی اور دیگر اشیاء ضبط کرلی۔ اسی قسم کی ایک اور کارروائی میں ٹاسک فورس ویسٹ زون ٹیم نے آئی پی ایل کرکٹ میچس پر سٹہ بازی چلانے والے دو رکنی ریاکٹ ایک خاتون سوما لتا اور اس کے شوہر پی راہول سنگھ کو گرفتار کیا ہے۔ مذکورہ سٹہ باز منگل ہاٹ کے علاقہ پوسل بستی میں یہ ریاکٹ چلارہے تھے۔ دوبئی میں کھیلے جارہے آئی پی ایل کرکٹ میاچس پر سٹہ بازی کا یہ ریاکٹ چلایا جارہا تھا۔ ٹاسک فورس پولیس نے ان کے قبضہ سے 27 ہزار نقد رقم، موبائیل فونس، ٹی وی سیٹس اور دیگر اشیاء ضبط کرتے ہوئے انہیں متعلقہ پولیس کے حوالے کردیا۔