کریم نگر ریلوے اوور بریج کی تعمیر میں آخر تاخیر کیوں؟

   

کانگریس قائدین کا زبردست احتجاج ، ٹی آر ایس اور بی جے پی پر پونم پربھاکر کی شدید تنقید

کریم نگر۔ 23 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کریم نگر کانگریس پارٹی کی جانب سے سابق ایم پی پونم پربھاکر و سٹی کانگریس کومٹ ریڈی ، نریندر مودی کی قیادت میں تیگالاگٹہ پلی ریلوے اور برج کی تعمیر کا مطالبہ کرتے ہوئے دھرنا منظم کیا گیا۔ سابق رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر نے دھرنے کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کریم نگر تیگالا گٹہ پلی ریلوے لائن پر اوور برج کی تعمیر میں تاخیر سے نہ صرف عوام بلکہ ہاسپٹل کے مریضوں کو بھی مشکلات ہورہی ہے۔کیا ریاستی وزیر گنگولا کملاکر و کریم نگر رکن پارلیمنٹ بنڈی سنجے نہیں جانتے کہ یہ اسپتال زون ہے۔ ان اسپتالوں سے رجوع ہونے والے مریضوں کو کن تکالیف کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ریاستی وزیر اور ایم پی ریلوے اوور برج کی تعمیر میں تاخیر کے لئے ایک دوسرے کو ذمہ دار قرار دے رہے ہیں جبکہ مرکزی حکومت اور ریاستی حکومت کی فنڈز کی حصہ داری ہے۔ پونم پربھاکر نے سابق ایم پی و موجودہ پلاننگ کمیشن کے نائب صدر بوئن پلی ونود کمار اور موجودہ ایم پی بنڈی سنجے کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کریم نگر ریلوے اسٹیشن کی ترقی کیلئے ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا۔ کریم نگر کے عوام کو اس بات سے غرض نہیں کہ فنڈز کی اجرائی ریاستی یا مرکزی حکومت عمل میں لاتی ہے۔ عوامی مسائل کو ذہن میں رکھتے ہوئے کریم نگر کے عوام کو یہ بتانا ہوگا کہ ریلوے اوور برج آخر کب تعمیر کیا جائے گا۔ ونود کمار چار سال سے پلاننگ کمیشن کے نائب صدر ہیں اور رکن پارلیمنٹ بنڈی سنجے کو یہ بتانا چاہئے کہ انہوں نے کریم نگر کی ترقی کیلئے مرکز سے کتنا فنڈ لایا اور کونسے ترقیاتی کام انجام دیئے۔ ریاستی و مرکزی حکومتیں ریلوے اوور برج کی تعمیر میں ناکام ہوچکی ہیں۔ سٹی کانگریس صدر کومٹ ریڈی نریندر ریڈی نے اس دھرنا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جلد از جلد برج کی تعمیر شروع نہیں کی گئی تو کانگریس پارٹی کی جانب سے بڑے پیمانے پر تحریک چلاتے ہوئے دھرنے منظم کئے جانے کا انتباہ دیا۔ اس احتجاجی دھرنا میں عبدالصمد نواب ، کومٹ ریڈی، پرماکر ریڈی، قمرالدین، رحمت حسین، یڈالا راہول، شراون نانک ،کرا ستیا پرسنا ریڈی، پی انجانیولو گوڑ ، کنڈتی سرینواس ریڈی ، عبدالرحمن ، ایم روبدت راؤ ، موہن سجیت کمار ، گڈم ولاس ریڈی، عرفان و دیگر کانگریس ارکان موجود تھے۔