کریم نگر میں کانگریس کا پرچم لہرائے گا

   

کارکنوں کے تربیتی کیمپ سے کانگریس ترجمان ایم روہت راؤ کا خطاب

کریم نگر /15 اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کانگریس پارٹی کے ریاستی سرکاری ترجمان اور کریم نگر حلقہ کے قائد مینینی روہت راؤ نے واضح کیا کہ کریم نگر حلقہ میں کانگریس کی جیت یقینی ہے ۔ اے آئی سی سی سکریٹری اور کریم نگر پارلیمنٹ کے انچارج، کرسٹوفر تلک کی رہنمائی میں، منڈل اور کریم نگر حلقہ کے قائدین کے ساتھ ایک تربیتی کیمپ کا اہتمام کیا گیا۔ کوتہ پلی میونسپل ٹاؤن کے مقامی جیا گارڈن میں منعقدہ اس کیمپ میں پارلیمنٹ انچارج کرسٹوفر تلک نے گاؤں اور منڈل کے قائدین سے خطاب کیا ۔اس تناظر میں کرسٹوفر تلک نے کہا کہ کے سی آر حکومت نے تلنگانہ کے عوام سے کیے گئے وعدوں کو فراموش کرکے نوجوانوں کو شراب کا عادی بنادیا ہے اور صرف خاندانی سیاست پر توجہ مرکوز کی ہے۔ کانگریس پارٹی کی طرف سے عوام کے سامنے متعارف کرائی گئی 6 اسکیموں کو لے کر انہوں نے ہدایت دی کہ کانگریس کے نعرے کے ساتھ مرکزی ریاست کی ناکامیوں کے بارے میں عوام کو بتاتے ہوئے کانگریس پارٹی کے منشور کو ہر گھر تک پہنچایاجائے۔ بعد ازاں ٹی پی سی سی کے ریاستی نمائندے اور کریم نگر حلقہ کے لیڈر مینینی روہت راؤ نے کہا کہ یہ یقینی ہے کہ کریم نگر حلقہ میں کانگریس پارٹی اپنا پرچم لہرائے گی اور کریم نگر کی عوام بدعنوان حکومت کے ساجھے دارگنگولا کملاکر کو مناسب سبق سکھانے کیلئے تیار ہیں۔ اور ہر کارکن سے پارٹی کی مضبوطی کیلئے محنت کرنے کی اپیل کی۔اس پروگرام میں کتہ پلی میونسپل ٹاون صدر گڈم سری نیواس ، کانگریس پارٹی سینئیر قائد روہت کونڈا پربھاکر،ضلع کانگریس کے نائب صدر مدوپو موہن چاری،ٹی پی سی سی سکریٹری ویدیولاانجن کمار،کانگریس پارٹی قائدین پورمولا سری نواس، سٹی کانگریس صدر کومٹ ریڈی نریندر ریڈی حلقہ اسمبلی صدر عبدالرحمن، ضلع کانگریس سکریٹری سراج و دیگر قائدین نے شرکت کی۔