کریم نگر ڈیری کو جاپان کوآپریشن ایجنسی کی جانب سے امداد کی منظوری قابل فخر: ونود کمار

   

کریم نگر ۔ 14 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی نائب صدر نشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار نے کریم نگر ڈیری کی جانب سے دودھ سے تیار کی جانے والی مختلف اشیاء کے علاوہ بڑی مقدار میں 16 اقسام کے آئس کریم کی تیاری کے پراجکٹ کا افتتاح انجام دیا اور کریم نگر ڈیری کے وسیع و عریض احاطہ میں جدید ٹرانسپورٹ گاڑی کو ہری جھنڈی ہلاکر آغاز کیا۔ مانیر کے نام سے موسوم مانیر ملک کرڈ کے نئے پروڈکٹ کا افتتاح انجام دیتے ہوئے مسرت کا اظہار کیا۔ بعد ازاں انہوں نے صدر نشین کریم نگر ڈیری سی راجیشور راؤ، میئر کریم نگر وائی سنیل راؤ اور کریم نگر ڈیری کے ڈائرکٹرس اور ٹی آر ایس سینئر قائد ساجد فخر الزماں خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ کریم نگر دودھ پروڈیوسر کمیٹی لمیٹیڈ (کریم نگر ڈیری) کو باوقار نیشنل پراجکٹ ڈیری ڈیولپمنٹ (NPDD) جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (JICA)کی جانب سے 90 کروڑ کی غیر معمولی مالی امداد منظور کی گئی جو کہ ضلع کریم نگر کی عوام کے لئے قابل فخر اور قابل ستائش ہے۔ بی ونود کمار نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت شمال مشرقی ریاستوں اترپردیش اور بہار میں ڈیری سیکٹر کو ترقی دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ بعد ازاں اس پراجکٹ کو مدھیہ پردیش، مغربی بنگال، آندھرا پردیش، راجستھان، تلنگانہ، اتراکھنڈ اور پنجاب تک وسعت دی گئی۔ واضح رہے کہ بی ونود کمار نے بحیثیت کریم نگر رکن پارلیمنٹ سال 2018 میں جاپان کے شہر ٹوکیو میں ایک دن قیام کے دوران جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی، کے اعلیٰ عہدیداروں کو کریم نگر ڈیری کی ترقی کے لئے تحریر یادداشت پیش کی تھی۔