کسانوں کو مفت برقی ، قرض معافی ، جاب کوٹہ ، خواتین کیلئے فری بس سفر،ہریانہ اسمبلی انتخابات کیلئے کانگریس کا منشور

   

چندی گڑھ 11 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے جمعہ کو اپنا ہریانہ انتخابی منشور جاری کرتے ہوئے کسانوں کا قرض معاف کردینے، خانگی کمپنیوں میں مقامی افراد کے لئے ریزرویشن اور جاب کوٹہ، پنشن اور فری بس سفر کے بشمول خواتین کے لئے متعدد فوائد کا وعدہ کیا ہے۔ کانگریس نے کسانوں کے زمرہ اور گھریلو صارفین کے لئے بھی مفت برقی کا وعدہ کیا اور کالج ڈگری ہولڈرس کے لئے بے روزگاری بھتہ دینے کا عہد کیا۔ ایک متنازعہ انتخابی وعدے میں کانگریس نے کہاکہ ہریانہ کے نوجوانوں کے لئے پرائیوٹ کمپنیوں میں 75 فیصد نوکریاں محفوظ کردی جائیں گی۔ یہ واضح نہیں کیا گیا کہ کس طرح اِس پالیسی پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ سنکلپ پتر میں کہا گیا کہ کسانوں کے قرض پارٹی کو 21 اکٹوبر کے اسمبلی چناؤ کے بعد اقتدار حاصل ہونے کے اندرون 24 گھنٹے معاف کردیا جائے گا۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی جنرل سکریٹری انچارج ہریانہ غلام نبی آزاد نے کہاکہ خواتین پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ پارٹی نے سرکاری اور خانگی نوکریوں میں ریاست کی خواتین کے لئے 33 فیصد ریزرویشن کا وعدہ کیا ہے۔ اِس کے علاوہ کانگریس حکومت پنچایتی راج اداروں، میونسپلٹیز، کارپوریشنس اور سٹی کونسلس میں خواتین کے لئے 50 فیصد جابس محفوظ رکھے گی۔