کسانوں کی آمدنی میں اضافہ حکومت کی ترجیح : مودی

   

نئی دہلی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو کہا کہ کسانوں کی آمدنی میں اضافہ اور انہیں بیج سے مارکیٹ تک جدید سہولیات فراہم کرنا ان کی حکومت کی ترجیح ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ان کوششوں کو آگے بڑھاتے ہوئے مرکزی بجٹ 2022 میں زراعت کو جدید اور اپ گریڈ کرنے کے طریقے تجویزکیے گئے ہیں۔عام بجٹ میں زرعی شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے منعقد کیے گئے ایک ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ پی ایم کسان سمان ندھی اسکیم آج ملک کے چھوٹے کسانوں کے لیے ایک بڑا سہارا بن گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت ملک کے 11 کروڑ کسانوں کو تقریباً 2 لاکھ کروڑ روپے دیے گئے ہیں۔مودی نے کہا کسانوں کی آمدنی میں اضافہ، کاشتکاری کی لاگت کو کم کرنا اور بیج سے لے کر مارکیٹ تک جدید سہولیات فراہم کرنا ہماری حکومت ی ترجیح ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ سات سالوں میں حکومت نے بیج سے لے کر مارکیٹ تک بہت سے نئے نظام تیار کیے ہیں اور پرانے نظاموں کو بہترکیا ہے۔انہوں نے کہا کہ صرف 6 سالوں میں زرعی بجٹ میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے اور کسانوں کے زرعی قرضے میں بھی 7 سال میں ڈھائی گنا اضافہ کیا گیا ہے۔