کسانوں کی جدوجہد کو کانگریس کا سلیوٹ ۔ اتم کمار ریڈی

   

ٹی آر ایس کا احتجاج مضحکہ خیز ، سونیا گاندھی کی سالگرہ کا جشن نا منانے کی پارٹی کارکنوں سے اپیل
حیدرآباد :۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے بھارت بند کو کامیاب بنانے والے کانگریس قائدین و کارکنوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے مخالف کسان قوانین سے فوری دستبردار ہوجانے کا مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس کے قائدین اور کارکنوں نے بڑے پیمانے پر بند میں حصہ لیتے ہوئے کسانوں کے احتجاج سے مکمل اظہار یگانگت کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ غذائی اجناس کی ابھی ذخیرہ اندوزی کرنے کی اجازت صرف کسانوں کو تھی تاہم مودی حکومت کارپوریٹ اداروں کو بھی غذائی اجناس کا ذخیرہ کرنے کی گنجائش فراہم کرتے ہوئے نیا قانون متعارف ہے ۔ کانگریس پارٹی ان قوانین کے ابتداء سے خلاف تھی پارلیمنٹ میں بھی احتجاج کیا گیا مگر وزیراعظم نے کسی کی نہیں سنی ، کارپوریٹ اداروں کے آگے سر جھکا دیا اور کسانوں کے مفادات کو فراموش کردیا ۔ کارپوریٹ اداروں کو فائدہ پہونچانے کے لیے مرکزی حکومت کسانوں کو نقصان پہونچا رہی ہے ۔ کسانوں کے احتجاج اور جدوجہد کو کانگریس پارٹی سلیوٹ کرتی ہے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے بند میں ٹی آر ایس کے حصہ لینے کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاست میں کسان کئی مسائل سے دوچار ہیں ۔ تلنگانہ حکومت اس پر کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے ۔ ریاست میں کئی کاشتوں کو اقل ترین قیمت وصول نہیں ہورہی ہے ۔ ابھی تک انتخابی منشور میں کئے گئے وعدے کے مطابق کسانوں کے قرض معاف نہیں کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی بجٹ سے کسانوں کو اقل ترین قیمت ادا کرنے کے لیے بجٹ مختص کرتے ہوئے دوسروں کو تنقید کا نشانہ بنائے تو عوام اس کو قبول کریں گے ۔ اتم کمار ریڈی نے 9 دسمبر کو پارٹی صدر سونیا گاندھی کی سالگرہ کے موقع پر جشن نہ منانے کی پارٹی کارکنوں سے اپیل کی ۔ ملک بھر میں کسان احتجاج کررہے ہیں ۔ ایسے میں جشن منانا مناسب نہیں رہے گا ۔ سونیا گاندھی کی سالگرہ کے پیش نظر غریبوں کی مدد کرنے کی انہوں نے اپیل کی ۔۔