کسان نقلی تخم کی خریدی کی وجہ نقصان نہ اٹھائیں

   

لائسنس یافتہ دکانداروں سے تخم کی خریدی کریں،ضلع کلکٹر کریم نگر ششانک کابیان

کریم نگر۔18جون ۔(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)کسان نقلی تخم کی خریدی سے دھوکا نہ کھائیں ، لائسنس یافتہ دکانوں سے ہی تخم کی خریدی کرنے کی ضلع کلکٹر کریم نگر ششانک کی کسانوں کو ہدایت۔ بروز چہارشنبہ کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں ضلع زرعی عہدیداران ، پولیس عہدیداران ، ریوینیو عہدیداران کے ہمراہ نقلی تخم کی فروخت کے روک تھام کے متعلقہ امور پر منعقدہ جائزے اجلاس میں ضلع کلکٹر کریمنگر ششانکا و سی پی کملاسن ریڈی نے شرکت کی۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ منڈلوں کے احاطہ میں ایم اے او خصوصی لائحہ عمل کے تحت نقلی تخم ، ادویات کے اسٹاک پاؤنٹ پر نظر ثانی کریں۔ دھان کے تخم سے کپاس کے تخم میں نقلی تخم کے ہونے کے امکانات زائد ہوتے ہیں۔ اس کے متعلقہ تمام عہدیداران باہمی تعاون کے ساتھ خدمات انجام دیں۔ تخم کے نقلی ہونے پر کسانوں کی لاگت و انکی محنت بیکار ہوجائیگی ، کسانوں کو نقلی تخم کی خریدی و نقصان سے بچانے کیلئے اقدامات کی عہدیداران کو ہدایت دی۔ بعد ازاں کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں صحافتی اجلاس منعقد کیا گیا۔اس موقع پرضلع کلکٹر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعلی کے جاری کردہ احکامات کو روبہ عمل لاتے ہوئے موسم برسات 2020 سیزن کیلئے کسان فائدہ مند کاشت کیلئے جدید کاشتکاری کے طریقوں پر عمل آوری کریں۔ ضلع میں زیادہ تر کسان نقلی تخم کی وجہ دھوکا نہ کھائیں اسکے لئے اقدامات کی پولیس ، زرعی عہدیداران ، اینفورسمنٹ شعبہ کے عہدیداران کو ہدایت دی۔ جاریہ سال دھان ، کپاس کی زیادہ کاشت کے امکانات ہیں۔ دھان کے مقابل کپاس کے تخم کی خریدی میں نقلی تخم کے پائے جانے کے امکانات ہیں۔ تا حال ضلع میں نقلی تخم کی فروخت پر دو دکانات کو مہر بند کیاگیا۔ تخم کی فروخت پر خصوصی نظر ثانی کی جارہی ہے۔ ضلع میں جملہ 340 لائسنس ڈیلر موجود ہیں۔ ضلع کلکٹر نے لائسنس نہ رکھنے والے دکانداروں سے کسانوں کو تخم کی خریدی سے گریز کرنے کی ہدایت دی۔ ضلع میں 91فیصد دھان ، 85 فیصد کپاس کی کاشتکاری کا اندیشہ ہے ، کسان کسی بھی صورت میں غیر تجربہ کار ڈیلروں سے تخم کی خریدی نہ کریں۔ انہوں نے نقلی تخم کی فروخت پر سخت کاروائی کا انتباہ دیا۔ پچھلے دوسال میں نقلی تخم اور نقلی کھاد کی فروخت پر متعلقہ فرد پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس ضمن میں 2012 تا 2019 تک کئی دکانات کو مہر بند کیاگیا اور متعلقہ شخص پر کاروائی کی گئی۔ گھروں سے یا کرایہ کی عمارتوں سے نقلی تخم کی فروخت نہ ہونے پائے اسکے لئے خصوصی نظر ثانی کی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ کم قیمت پر دستیابی پر کسان گمراہ نہ ہوں لائسنس یافتہ دکانداروں سے ہی تخم کی خریدی کریں۔ نقلی تخم کی فروخت کے متعلقہ عوام پولیس کو جانکاری فراہم کریں ، ضلع کلکٹر نے تیقن دلایا کہ جانکاری فراہم کرنے والوں کی تفصیلات پوشیدہ رکھی جائینگی۔ انہوں نے اس ضمن میں صحافیوں سے بھی زرعی و پولیس عہدیداران کو تعاون فراہم کرنے کی خواہش کی۔ بعد ازاں سی پی کملاسن ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نقلی تخم کی نشاندہی کے متعلقہ پولیس عہدیداران میں شعور بیدار کیاگیا ۔ نقلی تخم کے فروخت کاروں کو پکڑنے کیلئے زرعی عہدیداران ، ریوینیو عہدیدار ، عوامی نمائندے ، صدر کسان کوآپریٹیو سمیتی کے تعاون سے دیہاتوں ،منڈلوں میں نقلی تخم کے فروخت کاروں کی نشاندہی کی جائے۔جاریہ سال تاحال چار پی ڈی ایکٹ بک کئے گئے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ضلع و منڈلوں میں آپسی تعاون کے ساتھ خدمات کی انجام دہی پر ہی کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔ اس اجلاس میں ضلع زرعی عہدیدار سریدھر ، پولیس عہدیدار سرینواس ، منڈل زرعی عہدیداران و دیگر نے شرکت کی۔