کسی بھی ملازم کو بے دخل نہیں کیا جائیگا : حکومت

   

بینکوں کے انضمام پر اندیشوں کو دور کرنے نرملا سیتارامن کی کوشش
چینائی ۔ یکم / ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیر مالیات نرملا سیتارامن نے اتوار کو بینکوں کے انضمام سے بے روزگاری کے پھیلنے کے اندیشوں کے بارے میں کہا کہ اس انضمام سے کوئی املازم ملازمت سے بے دخل نہیں ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ باتیں بالکل غلط ہیں ۔ میں مذکورہ بینک کی ہر یونین کو یقین دلانا چاہتی ہوں کہ میں نے گزشتہ ہفتہ جو کہا تھا برائے مہربانی اسے یاد کریں ۔ جب میں نے بینکوں کو یکجا کرنے کی بات کہی تھی تو اس بات کوپوری طرح واضح کردیا تھا کہ کسی ایک ملازم کو بھی اس کی ملازمت سے نکالا نہیں جائے گا ۔ سیتارامن دراصل اس سوال کا جواب دے رہی تھیں کہ بینکوں کی یونین ، متعدد بینکوں کے انضمام کی اس وجہ سے مخالفت کررہی ہیں کہ اس منصوبے کے نفاذ سے بے روزگاری پھیلے گی ۔ سیتارمن نے جمعہ کے دن عوامی شعبہ کے 10 بینکوں کے انضمام کے منصوبے کا انکشاف کیا تھا ۔ ان 10 بینکوں کو چار بینکوں میں ضم کیا جائے گا ۔ حکومت کا منصوبہ یہ ہے کہ بینکوں کے بڑے پیمانے پر انضمام کے ذریعہ معدودے چند ہی بینک باقی رہیں گے جو طاقتور اور عالمی سطح پر بڑے بینک شمارہوں کیونکہ حکومت 5 سال سے جاری معاشی سست روی کو معاشی عروج سے بدل دینا چاہتی ہے ۔ حکومت کے مذکورہ منصوبے کے تعلق سے آل انڈیا بینک ایمپلائیز یونین نے کہا ہے کہ اس سے کئی بینک بند ہوجائیں گے اور اس کے علاوہ بے روزگاری بھی پھیل جائے گی ۔