گوہاٹی 8 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام )مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے آج کہا کہ کسی بھی غیر قانونی تارک وطن کو ہندوستان میں قیام کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ آسام میں این آر سی کا عمل ایک مقررہ وقت میں پورا کیا گیا ہے ۔ امیت شاہ نے جو شمال مشرقی کونسل کے صدر نشین بھی ہیں‘ شمال مشرقی ریاستوںکے آٹھ چیف منسٹروں کے اجلاس سے خطاب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کئی لوگوں نے کئی سوال پیدا کئے ہیں ۔ وہ یہ بالکل واضح کرنا چاہتے ہیں کہ کسی بھی غیر قانونی تارک وطن کو ہندوستان میں قیام کرنے کی حکومت ہند کی جانب سے اجازت نہیں دی جائے گی ۔ یہ ہمارا عزم ہے ۔ حالیہ شائع شدہ این آر سی کا حوالہ دیتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ این آر سی کا عمل ایک مقررہ وقت میں پورا کرلیا گیا ہے ۔ امیت شاہ نے آسام بی جے پی کو بھی یہ تیقن دیا کہ کسی غیر قانونی تارک وطن کے نام کو این آر سی میں جگہ پانے کا موقع بھی نہیں دیا جائیگا ۔ آسام بی جے پی نے امیت شاہ کو ایک یادداشت پیش کی اور این آر سی میں خامیوں سے انہیں واقف کروایا ۔