کشتی کا حصہ غرق۔12افراد بشمول اسکولی طلبہ محفوظ

   

حیدرآباد۔ 22ستمبر۔ (یواین آئی) دیسی ساختہ کشتی کا ایک حصہ کے غرق ہونے سے 12افراد بشمول اسکولی طلبہ محفوظ رہے ۔یہ واقعہ آصف آباد میں پیش آیا۔یہ تمام افراد اندیولی کے قریب ندی پار کرنے کی کوشش کررہے تھے ۔ذرائع کے مطابق ان کا تعلق جگن ناتھ پور سے ہے۔ یہ تمام کاغذنگرجانے کشتی کا استعمال کررہے تھے تاہم اچانک کشتی کا ایک حصہ غرق ہوگیاجس کے ساتھ مسافرین نے چیخ وپکار شروع کردی۔ مسافرین کو بچانے موجود اسٹاف نے ان کی جان بچائی اور ساحل تک محفوظ لانے کو یقینی بنایا۔طلبہ نے کہاکہ ان کے بیاگس بہہ گئے۔ حکام اور پولیس نے راحت کی سانس لی کیونکہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ جولائی میں شدید بارش سے پداواگو ندی پر تعمیر شدہ پل کا ایک ستون ڈوب گیا تھا جس پر وہ کشتی کے ذریعہ سفر کرکے گھریلو اشیا منتقل کرنے اور طلبہ کشتی کے ذریعہ ہی اسکول جانے مجبور ہیں۔ ستون ڈوب جانے کے بعد پل پر ٹریفک کی آمد ورفت روک دی گئی تھی کیونکہ پل کبھی بھی گر سکتا ہے ۔کاغذنگر، دہیا گاؤں اور بھیمنی منڈلوں کے 40 مواضعات کے افراد کو ضروری اشیا کی خریداری بشمول طبی صورتحال کیلئے 50کلومیٹر دور کاغذنگرجانا پڑتا ہے ۔