کشمیری پنڈتوں کو اسلحہ سے لیس کرنے میں کوئی مضائقہ نہیں : ڈاکٹر ایس پی وید

   

جموں، 13 جون ( سیاست ڈاٹ کام) جموں وکشمیر کے سابق پولیس سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید نے وادی کشمیر میں ہندو پنڈتوں اور اُن مسلمانوں جنہیں بقول ان کے خطرات لاحق ہیں، کو اسلحہ اور ان کی تربیت فراہم کرنے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو لوگ خطرے میں ہیں انہیں ذاتی تحفظ کے لئے اسلحہ فراہم کرنے میں کوئی مضائقہ نہیں ہے تاکہ ان میں احساس تحفظ پیدا کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر، پنڈتوں کے بغیر نامکمل ہے اور مسلمانوں کی وسیع اکثریت ان کی وطن واپسی کا خیر مقدم کرتی ہے ۔ سابق پولیس سربراہ نے اپنی رہائش گاہ پر ایک نیوز چینل کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ‘اقلیتی پنڈت برادری کے لوگوں میں احساس تحفظ پیدا کرنے کے لئے تمام تر امکانات کو تلاش کرنا چاہئے اور انہیں اسلحہ اور اس کی تربیت فراہم کرنے میں کوئی مضائقہ نہیں ہے بلکہ مسلمان طبقوں میں سے بھی جن کو خطرات لاحق ہیں، انہیں بھی اسلحہ فراہم کیا جانا چاہئے ‘۔