کشمیر: تحدیدات میں نرمی کے باوجود عام زندگی متاثر

   

سرینگر ۔ یکم ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) کشمیر میں آج مسلسل 28 ویں دن بھی عام زندگی متاثر رہی حالانکہ وادی کے 11 مزید پولیس اسٹیشنوں کے حدود میں تحدیدات میں نرمی دی گئی ہے ۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی اور کہا کہ اب وادی کے 105 پولیس اسٹیشنوں کے منجملہ 82 پولیس اسٹیشنوں کے حدود میں کوئی تحدیدات نہیں ہیں۔ جملہ 29 ایکسچینجس میں لینڈ لائین فون خدمات کو بحال کردیا گیا ہے جبکہ پہلے سے 47 ایکسچینجس میں یہ خدمات بحال تھیں۔ تاہم لال چوک اور پریس انکلیو جیسے علاقوں میں یہ خدمات اب بھی مسدود ہی ہیں۔ عہدیداروں نے کہا کہ صورتحال ساری وادی میں ہفتہ کو بھی پرامن رہی تھی اور کہیں سے بھی کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آنے کی اطلاع نہیں ملی تھی ۔ جمعہ کو عوام کی نقل و حرکت میں تحدیدات عائد کردی گئی تھیں کیونکہ وہاں لا اینڈ آرڈر کا مسئلہ پیدا ہونے کے اندیشے تھے ۔ صرف ایمبولنس گاڑیوں کو بلا روک ٹوک نقل و حرکت کی اجازت دی گئی تھی ۔