کشمیر :جاریہ سال بھی بجلی کا ریکارڈ توڑ بحران جاری

   

سری نگر: وادی میں جاری بجلی بحران میں بہتری آنے کے بجائے سپلائی پوزیشن ہر گزرتے دن کے ساتھ ابتر ہوتی جارہی ہے ،جس کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی نے کہا کہ 2015سے مسلسل طور پر بجلی فیس میں بے تحاشہ اضافہ کیا گیا لیکن سپلائی پوزیشن ہر گزرتے سال کے ساتھ ابتر سے ابتر ہوتی جارہی ہے ۔ وادی کے شہر شہری علاقوں میں کئی کئی گھنٹے بجلی غائب رہتی ہے اور باقی وقت میں بجلی کی آنکھ مچولی جاری رہتی ہے جبکہ دوردراز، دیہات اور بالائی علاقوں کا تو خدا ہی حافظ ہے ۔ ان علاقوں میں رہنے والی آبادی بجلی کے درشن کیلئے بھی ترستے ہیں اور اگر کبھی خدا نخواستہ بجلی آبھی جاتی ہے تو وہ وولٹیج اتنی کم ہوتی ہے کہ بلب کو ڈھونڈنے کیلئے موم بتی جلانی پڑتی ہے ۔