کشمیر شاہراہ سیول ٹریفک کیلئے ہفتے میں دو دن بند رکھنا ناقص خیال:سابق فوجی سربراہ

   

سری نگر۔ 10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے سابق فوجی سربراہ جنرل وید پرکاش ملک نے کہا ہے کہ سری نگر۔ جموں قومی شاہراہ کو سیول ٹریفک کیلئے ہفتے میں دو دن بند رکھنا خیال ناقص ہے ۔ قومی شاہراہ کو سیول ٹریفک کیلئے ہفتے میں دو دن بند رکھنے کے سرکاری فیصلے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے سابق فوجی سربراہ نے کہا ‘قومی شاہراہ پر سیول ٹریفک کی نقل و حمل پر ہفتے میں دو دن پابندی عائد کرنا خیال ناقص ہے ۔ یہ لوگوں کے دلوں کو جیتنے کے ہدف کے خلاف ہے ، انتظامیہ کو اس کے سود وزیاں کو ملحوظ نظر رکھنا چاہئے۔ قابل ذکر ہے کہ وادی میں مقیم فوج کا کہنا ہے کہ انہیں قومی شاہراہ ہفتے میں دو دن فوج کی نقل و حمل کے لئے مخصوص رکھنے کے بارے میں کوئی جانکاری نہیں ہے جبکہ مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہ کے بارے میں لئے گئے اس فیصلے کو واپس نہیں لیا جائے گا۔ گذشتہ ہفتے جاری کئے گئے حکم نامے کے مطابق سری نگر۔ جموں قومی شاہراہ شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ سے خطہ جموں کے ادھم وپور تک ہفتے میں دو دن اتوار اور چہارشنبہ وار فوجی قافلوں کی نقل وحمل کیلئے مخصوص رہے گی اور یہ حکم نامہ31مئی تک نافذالعمل رہیگاتاکہ انتخابات میں سیکورٹی فورسز کی نقل وحمل کو یقینی بنایا جاسکے ۔