کشمیر میں ایک سال بعد ریل خدمات جزوی طور بحال

   


سرینگر: وادی کشمیر میں پیر کی صبح پہلی ٹرین بارہمولہ سے بانہال روانہ ہو کر قریب ایک برس بعد ریل خدمات جزوی طور پر بحال ہوئیں۔بتادیں کہ کورونا لاک ڈاؤن کے پیش نظر سال گذشتہ کے ماہ مارچ میں وادی میں بھی ریل خدمات کو بنا بر احتیاط بند کر دیا گیا تھا۔ایک ریلوے عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا کہ شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ سے جموں کے بانہال تک 137 کلو میٹر طویل ریلوے ٹریک پر پیر کے روز ریل سروس جزوی طور بحال کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ بارہمولہ سے صبح کے 9بج کر 10منٹ پر پہلی ٹرین بانہال کے لئے روانہ کر دی گئی جبکہ دوسری ٹرین بانہال سے بارہمولہ گیارہ بجکر 25منٹ پر روانہ ہوئی۔موصوف نے بتایا کہ لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر کرنے سے اجتناب کریں اور سفر کے دوران تمام تر کورونا گائیڈ لائنز پر عمل کریں۔دریں ثنا بارہمولہ سے بانہال روانہ ہونے والی پہلی ٹرین میں سفر کرنے کے لئے لوگوں کی کافی تعداد اسٹیشن پر دیکھی گئی۔امتیاز احمد نامی ایک شہری نے یو این آئی کو بتایا کہ ہمیں کافی خوشی ہے کہ ریل سروس بحال ہوئی کیونکہ یہ نہ صرف ٹرانسپورٹ کا سستا ذریعہ ہے بلکہ ٹرین کی وساطت سے ہم بہت کم وقت میں بانہال پہنچ جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹرین سروس کو کلی طور پر بحال کیا جانا چاہئے تاکہ لوگوں کو سفر کرنے میں سہولیات آسکے ۔ریلوے حکام نے گذشتہ ہفتے وادی میں پیر سے ریل سروس جزوی طور بحال کرنے کا اعلان کیا تھا۔