کشمیر میں جوان کی فائرنگ، افسر سمیت 4 ساتھی ہلاک

   

کٹھوعہ۔29 ستمبر( ایجنسیز )جموں و کشمیر کے ضلع کٹھوعہ میں ایک سنٹرل انڈسٹریل سکیورٹی فورس اہلکار نے مبینہ طور پر اپنے ساتھی اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمانڈنٹ سمیت 4 اہلکار ہلاک ہوگئے۔ذرائع کے مطابق یہ واقعہ منگل کی شام تقریباً 6.40 بجے ضلع کٹھوعہ کے بشولی علاقے میں واقع سیوا پاور پراجکٹ میں تعینات CISF یونٹ کے کیمپ میں پیش آیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اہلکاروں کے درمیان کسی بات پر بحث کے بعد فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ذرائع کے مطابق فائرنگ میں اسسٹنٹ کمانڈنٹ انکت کمار پانڈے، سب انسپکٹر لکشمن سنگھ، کانسٹیبل رفیق احمد اور کانسٹیبل سندیپ کمار شدید زخمی ہوگئے۔ چاروں زخمی اہلکاروں کو ہماچل پردیش میں واقع این ایچ پی سی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں بعد میں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔مبینہ طور پر فائرنگ کرنے والے ہیڈ کانسٹیبل اودھیش کمار سنگھ نے اپنے سرکاری AK47 رائفل سے دفتر کے احاطے میں فائرنگ کی۔مشتبہ ملزم کو گرفتار کرکے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔حکام نے واقعہ کی وجوہات اور فائرنگ کے محرکات کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ واقعہ سے متعلق مزید تفصیلات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آنے کی توقع ہے۔