سرینگر: پیر کے روز کشمیر میں کم ازکم درجہ حرارت منفی میں کئی درجے نیچے گرگیا جس کی وجہ سے جموں و کشمیر میں شدید سردی نے زندگی کو متاثرکیا۔ سری نگر شہر میں کم از کم درجہ حرارت منفی5.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ گلمرگ اور پہلگام میں بالترتیب منفی6.5 اور منفی8.4ڈگری سیلسیس رہا۔ جموں شہر میں کم ازکم درجہ حرارت 7.2 ڈگری سیلسیس رہا، کٹرا میں 6 ڈگری، بٹوٹ میں 2.6، بانہال میں منفی0.6 اور بھدرواہ میں منفی0.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے بیان کے مطابق، 13 جنوری کو جموں و کشمیر میں موسم زیادہ تر صاف اور خشک رہا ۔14جنوری کو زیادہ تر ابرآلود لیکن خشک موسم متوقع ہے۔15 اور16 جنوری کو عمومی طور پر ابر آلود رہے گا اور 16 کی صبح کچھ بلند علاقوں میں ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔17 سے 19 جنوری تک عمومی طور پر ابر آلود موسم رہے گا، لیکن 19 تاریخ تک کوئی خاص سرگرمی متوقع نہیں۔سیاحوں اور مسافروں کو ٹریفک ڈپارٹمنٹ کی جاری کردہ ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔جموں ڈویژن کے لوگوں نے لوہڑی تہوار منایا، جوکہ سردیوں کے اختتام کا اشارہ دینے والا ایک موسمی تہوار ہے۔ عام طور پر یہ مانا جاتا ہے کہ لوہڑی کے بعد موسم میں نمایاں بہتری آتی ہے لیکن ماحولیاتی طور پر وادی میں شدید سردی کے40 دن کا عرصہ 30 جنوری تک جاری رہتا ہے۔شدید سردیوں کے 40 دن کے عرصے کو مقامی طور پر چلہ کلاں کہا جاتا ہے۔