کشمیر میں مخالف آوازوں کو کچلنے کیلئے حکومت طاقت کے بیجا استعمال کی مرتکب: ممتا بنرجی

   

کولکتہ۔28 اگست (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال چیف منسٹر ممتا بنرجی نے مرکزی بی جے پی حکومت پر الزام لگایا کہ وہ کشمیر میں ناراضگی کو کچلنے کے لیے غیر ضروری طاقت کا استعمال کررہی ہے۔ اس کے علاوہ ممتا بنرجی نے الزام لگایا کہ ملک کے اہم اداروں پر ایسے موظف بیورو کریٹس کا حکومت تقرر کررہی ہے جو حکومت کے اشاروں پر چلتے ہیں۔ انہوں نے طلباء کی ایک ریالی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وادی کشمیر میں عوامی ناراضگی کو کچلنے کے لیے مرکزی حکومت ان کو بزور طاقت کچل رہی ہے۔ بنرجی نے حکومت چیلنج کیا کہ اگر ہمت ہو تو ان کو نیچا دکھاکر دیکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک صدارتی طرز حکومت کی سمت گامزن ہے۔ جہاں پر جمہوریت کے لیے کوئی جگہ نہیں ہوگی۔ انہوں نے بنگال کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اپوزیشن پارٹیوں کو یا تو دھمکا رہی ہے یا پھر ان کو بزور پیشہ خرید رہی ہے۔