کشمیر میں ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل انتخابات

   

شدید سردی کے باوجود رائے دہندے پرجوش ، 52% پولنگ
سری نگر۔ جموں وکشمیر میں 8 مرحلوں پر محیط ضلع ترقیاتی کونسل اور پنچایت و بلدیاتی اداروں کے ضمنی انتخابات کے پہلے مرحلے کی ووٹنگ آج ہوئی ۔52% رائے دہی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ووٹ ڈالنے کا عمل صبح کے سات بجے شروع ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ پولنگ کے لئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور اس کے علاوہ کووڈ پروٹوکول کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق، وادی کشمیر میں کئی پولنگ بوتھوں کے باہر سردی کے باوجود رائے دہندگان کی لمبی لمبی قطاریں دیکھی گئیں اور ووٹنگ کے لئے لوگوں میں جوش و خروش دیکھا گیا ۔ تاہم بعض پولنگ بوتھوں پر رائے دہندگان نہایت کم تعداد میں دکھائی دیئے ۔ ان انتخابات کے پہلے مرحلے کیلئے ہفتے کے روز 43 انتخابی حلقوں میں ووٹنگ ہوئی جن میں سے 25 حلقے کشمیر جبکہ 18 حلقے جموں کے ہیں۔ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے پہلے مرحلے کی پولنگ کے لئے 2 ہزار 644 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے۔