کشمیر میں ہڑتال کا 45 واں دن، مواصلاتی نظام معطل

   

سری نگر، 18 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام وادی کشمیر میں دفعہ 370 کی منسوخی اور ریاست کی تقسیم کے خلاف جاری ہڑتال بدھ کے روز 45 ویں دن میں داخل ہوگئی۔ وادی بھر میں دکانیں و تجارتی مراکز بند ہیں جبکہ سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ کی آمدورفت معطل ہے ۔ تاہم سڑکوں پر بڑی تعداد میں نجی گاڑیاں چلتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔ نیز پھل و سبزی فروش سڑک کے کنارے گاہکوں کا انتظار کرتے ہوئے دیکھے جارہے ہیں۔وادی میں 5 اگست سے مواصلاتی نظام بدستور معطل ہے جس کے باعث سماج کے مختلف طبقوں سے وابستہ لوگوں خاص کر طلباء، صحافیوں اور تاجروں کو گوناں گوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ وادی میں اگرچہ لینڈ لائن فون خدمات بحال کی جاچکی ہیں تاہم موبائل فون خدمات بدستور معطل ہیں۔مواصلاتی نظام پر جاری پابندی کے باعث لوگوں کو بیرون ریاست اپنے رشتہ داروں، زیر تعلیم طلباء وغیرہ کے ساتھ رابطہ کرنے میں پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ نیز وادی کے ہسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کے ساتھ بھی رابطہ کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مواصلاتی نظام پر عائد پابندی کے باعث طلباء سخت ترین پریشانیوں سے دوچار ہیں۔ مواصلاتی نظام پر جاری پابندی سے طلباء داخلہ فارم جمع کرپا رہے ہیں نہ اسکالر شپ اسکیموں سے مستفید ہورہے ہیں۔