نئی دہلی: جموں و کشمیر کے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات پر بڑھتی ہوئی تشویش کے درمیان وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے سینئر حکام کے ساتھ میٹنگ کی۔ ذرائع کے مطابق اس میٹنگ میں قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول اور کئی دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔ حکام نے وزیراعظم کو مرکز کے زیرانتظام علاقہ میں انسداد دہشت گردی کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ مودی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ جموں و کشمیر میں سیکورٹی کی صورتحال کو مکمل طور پر سنبھالنے کے لئے ملک میں دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے پوری صلاحیت کا استعمال کریں۔ وزیراعظم نے وزیرداخلہ امیت شاہ سے بھی بات کی اور مرکزی فورسیز کی تعیناتی اور انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں توسیع پر تبادلہ خیال کیا۔ پچھلے کچھ عرصے سے جموں خطہ میں دہشت گردانہ حملوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ اس خطہ میں ریاسی، کٹھوعہ اور ڈوڈہ اضلاع میں چار دنوں میں چار حملے کئے گئے ۔ ریاسی میں مسافر بس پر حملے میں نو یاتری ہلاک ہو گئے تھے ۔ ان دہشت گردانہ حملوں میں سی آر پی ایف کا ایک سپاہی شہید اور سات سیکورٹی اہلکار اور کئی دیگر افراد زخمی ہوئے ۔