کشمیر ہاوز میں ملاوٹی اشیا کی فروخت کی جھوٹی اطلاع

   

تاجرین کی سی سی ایس سائبر کرائم پولیس میں شکایت درج
حیدرآباد۔/26 اپریل، ( سیاست نیوز) بیگم بازار کی معروف دکان کشمیر ہاوز میں ملاوٹی کھجور اور دیگر اشیاء فروخت کے الزام میں متعلقہ عہدیداروں کی جانب سے دھاوا کئے جانے کی جھوٹی اطلاع سوشیل میڈیا پر وائرل کی گئی جس کے خلاف دکان مالکین نے سی سی ایس کی سائبر کرائم پولیس میں شکایت درج کروائی ہے۔ کشمیر ہاوز کے پروپرائٹر راج کمار ٹنڈن نے ڈپٹی کمشنر پولیس سائبر کرائم سے تحریری شکایت کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ بعض واٹس اپ گروپس اور یو ٹیوب چینلس بالخصوص سٹی لائیو ٹی وی اور دیگر نے آج ایک بے بنیاد خبر گشت کرادی جس بتایا گیا کہ کشمیر ہاوز میں ناقص کوالٹی اور ملاوٹی کھجور پیاک کئے جارہے ہیں اور انہیں بازار میں فروخت کیا جارہا ہے۔ شکایت میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ یو ٹیوب چینلس کی اس شرپسندانہ حرکت کے خلاف سخت کارروائی کی جائے کیونکہ اس شرپسندی سے ان کی دکان کی ساکھ متاثر ہوئی ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس سائبر کرائم کے سی ایس رگھویر نے کہا کہ کشمیر ہاوز انتطامیہ کی ایک شکایت موصول ہوئی ہے اور اس کی تحقیقات کی جائیں گی۔ واضح رہے کہ آج شہر کے کئی واٹس اپ گروپس میں مذکورہ دکان میں دھاوے کئے جانے کی اطلاع عام ہوگئی جس کے بعدکاروباری حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔