کلکٹریٹ ورنگل میں ’’ الیکشن کنٹرول روم ‘‘ کا قیام

   

ورنگل/3 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر و ضلع کلکٹر ورنگل پی پراونیا نے انتخابی انتظام کے عمل کی نگرانی کیلئے کلکٹریٹ میں قائم کئے گئے الیکشن کنٹرول روم کا اچانک معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے انٹیگریٹیڈ کنٹرول روم کی کاکردگی کے بارے میں دریافت کیا۔ اس موقع پر انہوںنے انتظامیہ کو مشورہ دیا کہ وہ انتخابات کے پر امن ماحول میں انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہاکہ ایم پی سی ، ایف ایس ٹی ، وی ایس ٹی ، وی وی ٹی ، ایس ایس ٹی ٹیموں کو فیلڈ لیول پر اخراجات ، اشتہارات ، مہمات پروگراموں اور دیگر پہلوئوں کا جائزہ لینے کیلئے موثر انداز میں کام کرنا چاہئے۔کلکٹر نے کنٹرول کے عہدیداروں کے ہدایت دی کہ وہ تمام محکموں کے نوڈل ٹیموں کے ساتھ ملکر الیکشن کمیشن کو رپورٹس کی بر وقت فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کریں۔کنٹرول روم میں آنے والی شکایات اور کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔سی ویزل ایپ ، 1950ٹول فری نمبرکے ذریعہ ملنے والی درخواستیں اور اس کی یکسوئی سے متعلق جانکاری حاصل کی۔ اب تک سی ویزل ایپ کے ذریعہ 2 شکایات موصول ہوئی ہیں۔ 1950 ٹول فری نمبر کے ذریعہ 25 کالیں اور نیشنل گریونس سرویس پورٹل کے ذریعہ 162شکایات کا ازالہ کیا گیا ہے۔ اس پروگرام میں زیڈ پی سی ای او رامی ریڈی ، ڈسٹرکٹ بی سی ویلفیر آفیسر پشپا لتا ،کلکٹریٹ اڈمنسٹریشن آفیسر سریکانت ، ای ڈسٹرکٹ منیجر راجکمار اور دیگر موجود تھے۔