کمارا سوامی حکومت کو گرانے کی کوشش، یدی یورپا کا آڈیو کلپ جاری

,

   

چیف منسٹر کرناٹک نے پریس کانفرنس میںتفصیلات بتائیں۔ کانگریس کا باغی ایم ایل ایز کیخلاف کارروائی کا فیصلہ
بنگلورو 8 فروری (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک میں ریاستی بجٹ پیش کرنے سے چند گھنٹے قبل ڈرامائی اقدام میں چیف منسٹر ایچ ڈی کمارا سوامی نے آج ایک آڈیو کلپ جاری کیا جس میں اسٹیٹ بی جے پی کے سربراہ بی ایس یدی یورپا کو مبینہ طور پر سنا جاسکتا ہے کہ وہ ریاست کی مخلوط حکومت کو غیر مستحکم کرنے کے لئے ایک جے ڈی ایس رکن اسمبلی کو لالچ دے رہے ہیں۔ یدی یورپا نے اپنے فوری ردعمل میں اِس کلپ کو ’’فرضی‘‘ اور ’’من گھڑت کہانی‘‘ قرار دیا۔ آج تیزی سے ہونے والی تبدیلیوں میں کانگریس نے بھی سخت کارروائی کا فیصلہ کیا اور 4 باغی ایم ایل ایز کے خلاف قانون انسداد انحراف کے تحت کارروائی شروع کردی۔ اسمبلی سیشن کی شروعات سے کچھ دیر قبل یہاں کانگریس لیجسلیچر پارٹی کی میٹنگ منعقد ہوئی۔ بعدازاں میڈیا کو بریفنگ میں سی ایل پی لیڈر سدارامیا نے کہاکہ وہ اسپیکر رمیش کمار سے ملاقات کریں گے اور اُن سے رمیش جرکی ہولی، اومیش جادھو، مہیش کوماتھالی اور بی ناگیندر کے خلاف کارروائی کی اپیل کریں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ یہ چاروں اور جے ایم گنیش کے سوا تمام دیگر قانون ساز سی ایل پی میٹنگ میں شریک ہوئے۔ اُنھوں نے بتایا کہ 2 ارکان اسمبلی روشن بیگ اور بی سی پاٹل جو میٹنگ میں حصہ نہیں لئے، اُنھوں نے پیشگی اجازت حاصل کرلی تھی۔ گنیش کو حال ہی میں ایک تفریح گاہ میں ساتھی قانون ساز کے ساتھ مبینہ جھگڑے کے بعد مفرور قرار دیا گیا ہے۔ سدارامیا نے کہاکہ 4 ایم ایل ایز نے اُنھیں مکتوبات ارسال کرتے ہوئے کہاکہ وہ اسمبلی کا پورا بجٹ سیشن شریک نہیں ہوسکتے۔ اس پس منظر میں سیاسی ماحول کو ایک نیا موڑ دیتے ہوئے کمارا سوامی نے پریس کانفرنس میں ’’آڈیو بم‘‘ گرایا اور حکومت کو زوال پذیر کرنے بی جے پی کی مبینہ کوششوں کے تعلق سے اپنے دعوے کی تائید کی۔ اُنھوں نے الزام عائد کیاکہ اِس طرح کی کوشش وزیراعظم نریندر مودی اور امیت شاہ کی ’’اجازت‘‘ کے ساتھ کی جارہی ہے۔ ’’وزیراعظم کے علم و اطلاع کے بغیر کیا یہ سب کرنا ممکن ہے؟‘‘ کمارا سوامی نے اِن الفاظ کے ساتھ مودی کو نشانہ بنایا اور اُن سے مطالبہ کیاکہ اِس مسئلہ پر اپنا موقف واضح کریں۔ چیف منسٹر نے کہاکہ یہ سب کھیل مودی اور امیت شاہ کا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ اِس آڈیو کلپ کو وزیراعظم کے پاس بھیجیں گے جو اِس ملک کے واحد مسیحا ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں۔ کمارا سوامی نے مودی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ آگے آئیں اور اپنا حقیقی چہرہ دکھائیں۔ کمارا سوامی نے بتایا کہ 2 آڈیو کلپس ہیں جو یدی یورپا اور جے ڈی ایس رکن اسمبلی ناگنا گوڑا کے بیٹے شرن گوڑا کے درمیان ٹیلیفونی گفتگو کا ریکارڈ ہے۔ شرن گوڑا کو بی جے پی نے رقم اور دیگر پیشکشوں کے ذریعہ اپنی طرف راغب کرنے کی کوشش کی۔ پریس کانفرنس میں چیف منسٹر کے ساتھ شرن گوڑا موجود تھے اور اُنھوں نے بتایا کہ کس طرح یدی یورپا نے اُن سے فون پر رابطہ قائم کرنے کی کوشش کی اور اُنھیں اپنے والد کو باغی بنانے کے لئے لالچ دیا۔