عوام سے وصولی کرو، دوست کی تجوری بھرو‘کانگریس کا ردعمل
نئی دہلی ۔یکم ؍ اکتوبر (ایجنسیز )اکتوبر ماہ کے پہلے ہی دن ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں اضافہ نے عام لوگوں کو ایک بار پھر مہنگائی کا جھٹکہ دیا ہے۔ قیمت میں یہ اضافہ کمرشیل ایل پی جی سلنڈر میں کیا گیا ہے لیکن اس کا اثر عام لوگوں کی جیب پر بھی پڑنا لازمی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 19 کلوگرام والے کمرشیل ایل پی جی کی قیمت الگ الگ شہروں میں 60 روپے سے 70 روپے کے درمیان بڑھائی گئی ہے۔ یہ خبر سامنے آنے کے بعد کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ جاری کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ مہنگائی مین مودی کا چابک پھر چلا ہے۔ کمرشیل ایل پی جی سلنڈر 70 روپے مہنگا کر دیا گیا ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ رواں سال کے شروع میں جو سلنڈر 1684 روپے تھا وہ اب 2954 روپے ہو گیا ہے۔ یعنی رواں سال محض 9 ماہ میں ہی کمرشیل ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 1270 روپے بڑھا دی گئی ہے۔کانگریس نے یہاں تک لکھا ہے کہ مودی کا فنڈا صاف ہے… عوام سے وصولی کرو، دوست کی تجوری بھرو۔