آؤٹر رنگ روڈ پر ڈرائیونگ کا ویڈیو وائرل، پولیس راجندر نگر کی کارروائی
حیدرآباد ۔19 ۔ جون (سیاست نیوز) کمسن لڑکے کو لکژری کار چلانے کی اجازت والد کیلئے مہنگی ثابت ہوئی۔ آؤٹر رنگ روڈ پر ایک 11 سالہ نامعلوم لڑکے کی جانب سے لکژری کار تیز رفتاری کے ساتھ چلانے کا ویڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہوا جس کے بعد پولیس نے فوری حرکت میں آتے ہوئے گاڑی کے مالک اور لڑکے کے والد کو حراست میں لے کر گاڑی کو ضبط کر لیا ۔ پولیس کی جانب سے نامعلوم لڑ کوں کی کار ڈرائیونگ کے خلاف مہم جاری ہے تاکہ ٹریفک حادثات کو روکا جائے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹولی چوکی کے رہنے والے عبدالہادی نامی شخص نے اپنے کم عمر لڑکے کو کار چلانے کی اجازت دی اور آؤٹر رنگ روڈ پر لڑکے نے تیز رفتاری کے ساتھ کار چلائی ۔ سڑک پر کسی دوسری کار میں سفر کرنے والوں نے کمسن لڑکے کی ڈرائیونگ کا ویڈیو ریکارڈ کیا اور سوشیل میڈیا پر وائرل کیا۔ پولیس راجندر نگر نے وائرل ویڈیو کی جانچ کرتے ہوئے والد کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔ کار کو ضبط کرلیا گیا اور والد کی گرفتاری عمل میں آئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نابالغ بچوں کی کار ڈرائیونگ کے نتیجہ میں اکثر و بیشتر حادثات پیش آرہے ہیں اور کمسن بچوں کی ڈرائیونگ ایک جرم ہے۔ اکثر دیکھا گیا ہے کہ والدین اپنے کمسن بچوں کو کار ڈرائیونگ کی اجازت دے رہے ہیں اور کمسن بچے اپنی مہارت کا مظاہرہ سڑکوں پر کررہے ہیں۔ پولیس نے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل آوری کا فیصلہ کیا ہے۔1/k
پولیس عہدیداروں نے کہا کہ سوشیل میڈیا پر وائرل ویڈیو پر عوام نے شدید ردعمل کا اظہار کیا اور اس طرح کے واقعات کی روک تھام کیلئے سخت کارروائی پر زور دیا ہے ۔ سائبر آباد کمشنریٹ کے تحت راجندر نگر پولیس نے لکژری کار کو ضبط کرلیا اور کار کے مالک کو حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس نے کمسن لڑکے کو دوبارہ ڈرائیونگ کے سلسلہ میں پابند کیا ہے۔ حالیہ عرصہ میں کمسن لڑکوں کی ڈرائیونگ کے نتیجہ میں کئی حادثات رونما ہوچکے ہیں جن میں سڑک سے گزرنے والے راہگیروں کی موت واقع ہوئی ہے۔1/k