کمشنر ہیلت اینڈ فیملی ویلفیر کے تحت ملازمین اور عہدیداروں کو تعطیلات نہیں

   

سرکاری سرکیولر واپس لینے کانگریس کا مطالبہ
حیدرآباد۔13۔ جنوری (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے کمشنر ہیلت اینڈ فیملی ویلفیر کی جانب سے جاری کردہ سرکیولر پر سخت اعتراض کیا ہے۔ نائب صدر پردیش کانگریس کمیٹی جی نرنجن نے بتایا کہ کمشنر ہیلت اینڈ فیملی ویلفیر نے محکمہ کے تمام عہدیداروں اور اسٹاف کیلئے سرکیولر جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ حکومت کا کنٹی ویلوگو (آنکھوں کی روشنی) پروگرام کا 18 جنوری سے آغاز ہورہا ہے، لہذا کمشنر ہیلت اینڈ فیملی ویلفیر حیدرآباد دفتر میں خدمات انجام دینے والے عہدیداروں اور ملازمین رخصت حاصل کئے بغیر ڈیوٹی پر حاضر ہوں۔ سروے میں ہدایت دی گئی ہے کہ 13 جنوری سے پروگرام کے اختتام تک کوئی رخصت منظور نہیں کی جائے گی اور 16 جنوری کو اختیاری تعطیل دی جائے گی۔ عہدیداروں اور ملازمین سے کہا گیا ہے کہ وہ 15 جنوری کو اتوار کے باوجود ڈیوٹی پر حاضر رہیں۔ سرکیولر میں ہدایات کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا انتباہ دیا گیا۔ جی نرنجن نے کہا کہ تلگو عوام کیلئے سنکرانتی ایک اہم تہوار ہے اور لوگ اپنے گاؤں پہنچ کر تہوار مناتے ہیں۔ حکومت کے کنٹی ویلوگو پروگرام کے نام پر عہدیداروں اور ملازمین کو تعطیلات سے محروم کرنا ناانصافی ہے ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر سرکیولر سے دستبرداری اختیار کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت میں ملازمین کی کوئی کمی نہیں ہے۔ باوجود اس کے کمشنر فیملی ویلفیر کی جانب سے سخت احکامات افسوسناک ہیں۔ر