کملا ہیریس کی عالمی موسمیاتی سمٹ میں شرکت

   

دوبئی : عالمی کلائمٹ کانفرنس میں امریکی صدر جو بائیڈن کی غیر حاضری محسوس کی جا رہی ہے۔ ان کی جگہ نائب صدر کملا ہیرس ویک اینڈ پر سمٹ میں شریک ہو کر امریکہ کی بھرپور نمائندگی کی کوشش کریں گی۔ اقوام متحدہ کی عالمی موسمیاتی کانفرنس (COP28) کا جمعرات 30 نومبر کو خلیجی ریاست دبئی میں اجلاس شروع ہوا جس میں امریکی صدر جو بائیڈن کی غیر حاضری کو باقائدہ محسوس کیا جا رہا ہے۔ نائب امریکی صدر کملا ہیریس جمعہ کو دبئی کے لیے روانہ ہو رہی ہیں۔ وہ ویک اینڈ پر اس عالمی کانفرنس میں دو اہم ایجنڈہ کے ساتھ امریکہ کی نمائندگی کریں گی۔ کملا ہیریس کو ایک تو صدر جوبائیڈن کی غیر موجودگی سے پیدا ہونے والے خلاء کو پر کرتے ہوئے امریکی ماحولیاتی قیادت کا مظاہرہ کرنا ہے دوسرا یہ کہ اسرائیل اور حماس کی جنگ کے دوسرے مرحلے سے متعلق انتہائی نازک موضوع پر بھی بات چیت کرنا ہوگی۔ امریکی نائب صدر کملا ہیریس کے پاس ان دونوں میں سے کسی ایک ہدف کو بھی پورا کرنے کے لیے بہت مختصر اور محدود مواقع موجود ہوں گے۔ دبئی میں جاری بین الاقوامی کلائمٹ سمٹ COP28 میں شریک تمام دیگر ممالک کے صدور کی طرح امریکی نائب صدر کملا ہیرس کے پاس بھی متنازعہ مسائل پر تفصیلی بات چیت اور اپنے موقف کے اظہار کا بہت کم موقع ہوگا۔ اس طرح کی کانفرنسوں میں اصل موضوع سے انحراف یا اختلافی موضوع بری طرح تنقید کی زد میں آتا ہے اور اسے پوری دنیا میں بہت زیادہ اچھالا جاتا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ کملا ہیریس کے عوامی تبصرے انتہائی محدود ہوں گے اس کے باوجود ان کے بیانات کو بہت قریب سے جانچا جائے گا اور اس کی باریکی سے چھان بین کی جائے گی۔