اندور/ بھوپال ۔ 3 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اندور کی پولیس نے بی جے پی کے ریاستی یونٹ کے ترجمان راہول کوٹھاری کے خلاف مبینہ طورپر مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ کمل ناتھ اور سینئر کانگریس قائد جیوتی راوتیہ سندھیا کے خلاف نا زیبا اور رکیک باتیں کہنے کے جرم میں ایک کیس درج کرلیا ہے ۔ یہ کیس کانگریس کے سکریٹری راکیش یادو کی کوٹھاری کے خلاف دوشنبہ کے دن وجئے نگر پولیس چوکی میں داخل کردہ شکایت کی اساس پر درج کیا گیا ۔ یادو نے اپنی درخواست میں کہا کہ ’’بھارتیہ جنتا یووا مورچہ کے قومی نائب صدر اور پارٹی کے ریاستی ترجمان راہول کوٹھاری نے اپنے ٹوئیٹ میں سندھیا اور کمل ناتھ پر رکیک حملے کئے ہیں۔ کوٹھاری نے اپنے ٹوئیٹ پر سندھیا اور کمل ناتھ کی ایک تصویر شائع کی ہے جس کے نیچے انہوں نے لکھا کہ ’’سندھیا ، کمل ناتھ کو ڈبونے کیلئے لے جارہے ہیں‘‘۔ اس شکایت پر ا پنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کوٹھاری نے ٹوئیٹ کیا کہ میرے خلاف کانگریس کی شکایت اس بات کا ثبوت ہے کہ ریاست میں غیر معلنہ ایمرجنسی نافذ ہے۔