کمنز حیدرآباد کی قیادت کیلئے سب سے بہترین نام :گواسکر

   

نئی دہلی۔ ہندوستان کے سابق کپتان سنیل گواسکر نے آئندہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سیزن 2024 میں سن رائزرز حیدرآباد (ایس آر ایچ) کی قیادت کرنے کے لیے پیٹ کمنز کی حمایت کی۔ سن رائزرز حیدرآباد نے گزشتہ سال دسمبر میں نیلامی میں کمنزکو 20.50 کروڑ روپے میں خریدا ہے جبکہ ان ہی ساتھی اوپنر ٹریوس ہیڈ (6.80 کروڑ روپے) نیلامی میں ان کی دوسری مہنگی خریداری تھی۔ گواسکر نے اسٹار اسپورٹس پر بات کرتے ہوئے، ٹیم کی کامیابی کے لیے کمنز کی قائدانہ خوبیوں اور ہمہ جہت مہارتوں کو اہم قرار دیتے ہوئے، سن رائزرز حیدرآباد کے لیے گیم چینجر کے طور پر اس اقدام کی تعریف کی ہے۔ گواسکر نے کہا میرے خیال میں پیٹ کمنز ایک ذہین سودا رہا ، شاید تھوڑا زیادہ مہنگا تھا لیکن یہ سود مند سودا ہوگا کیونکہ وہ اپنی ٹیم میں قیادت کے پہلو کو لے کر آئے گا، جس کی پچھلی بار حیدرآبادی ٹیم میں کمی تھی۔ پچھلی بار کچھ بولنگ تبدیلیاں جو ہم نے اہم مقابلوں میں دیکھی تھیں وہ صرف سر کھجانے والی تھیں، اور اس کی وجہ سے انہیں میچوں کی قیمت چکانی پڑی۔ لہٰذا اب پیٹ کمنز کے آنے سے مجھے پورا یقین ہے کہ وہ ٹیم کے کپتان ہوں گے اور اس سے بہت بڑا فرق پڑے گا۔ گواسکر نے مزید کہا کہ کمنز کی بیٹنگ اورگیند دونوں سے مظاہرہ کرنے کی صلاحیت سن رائزرز حیدرآباد کی طاقتوں میں ایک اہم اضافہ کرتی ہے۔ گواسکر نے آئی پی ایل 2022 میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے لیے کمنزکی 14 گیندوں پر نصف سنچری کا حوالہ بطور آل راؤنڈر انکی صلاحیت کے ثبوت کے طور پر دیا۔ سن رائزرز حیدرآبادکی خریداری کمنز کے ساتھ نہیں رکی۔ انہوں نے ٹریوس ہیڈ پر6.80 کروڑ روپے بھی برسائے، دھماکہ خیز آسٹریلوی اوپنر جو تنہا کھیل کا رخ بدلنے کی صلاحیت کے لیے جانا جاتا ہے۔ گواسکر نے ہیڈکو اوپننگ کے لیے بہترین کھلاڑی کے طور پر شناخت کیا ہے ، جن کے ساتھ میانک اگروال یا راہول ترپاٹھی کی جوڑی برق رفتار شروعات فراہم کرسکتی ہے ۔ ٹریوس ہیڈ ایک ایسا بیٹر ہے جو کھیل کوآپ سے چھین سکتا ہے۔ اس نے ورلڈ کپ کے فائنل میں ہندوستان کے خلاف ایسا کیا تھا۔ سن رائزرز حیدرآبادکے 20 اوورز کے کھیل میں وہ صرف مثالی نمبرایک بیٹر ہے۔ لہذا وہ اور جو بھی اس کے ساتھ اوپننگ کرتا ہے، چاہے وہ میانک اگروال ہو یا راہول ترپاٹھی جس نے اوپنر کے طور پر شروعات کی اور پھر درمیان میں یہ منصوبہ چلے گا۔ گواسکر نے کہا نے مزید کہا کہ اگروال اور ترپاٹھی دونوں آئی پی ایل 2023 کے ناقص مظاہروں سے چھٹکارے کی تلاش میں ہوں گے، جبکہ ابھیشیک شرما سن رائزرزحیدرآباد کے لیے ایک اور اوپننگ کھلاڑی کا راستہ فراہم کرتا ہے۔