کمپیوٹر کے دو طلباء کا پہلا ایام سمانی پولٹری فارم

   

سرینگر: سنٹرل یونیورسٹی آف کشمیر کے دو کمپیوٹر سائنس طلبا نے انڈونیشیا کی ایک نایاب نسل مرغ سیاہ (ایام سمانی) کا یہاں نشاط علاقے میں پہلا پولٹری فارم تیار کیا ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ کشمیر میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا پولٹری فارم ہے اور ہم اس کے لئے ہریانہ سے اس نسل کے 3 سو چکن لائے ہیں۔نمیر رشید اور مامون راتھر نامی طالب علموں جن کی عمر بیس بائیس برس کی ہے ، نے یو این آئی کو بتایا کہ ہم نے سری نگر کے نشاط علاقے میں فارم قائم کیا ہے تاہم اس تجارت کے بارے میں ہمیں ابھی کوئی خاص تجربہ نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم ہریانہ سے تین سو چکن لائے ہیں اور فارم شروع کیا ہے ۔ان کا کہنا تھا: ‘ہم نے ملک کے سابق کرکٹر ایم ایس دھونی کے اسی نوعیت کے فارم کے بارے میں پڑھا جس سے ہمیں تحریک ملی اور ہم نے اس تجارت میں قسمت آزمانے کی ٹھان لی‘۔