حیدرآباد۔/5مارچ، ( سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ تالاب کٹہ میں انتہائی شرمناک واقعہ پیش آیا جس میں ایک شخص نے کم عمر بچہ کے ساتھ بدفعلی کی اور اسے شراب نوشی پر مجبور کیا۔ اتنا ہی نہیں اس گھناؤنی حرکت کی ویڈیو کو سوشیل میڈیا پر وائرل کیا گیا۔ حالانکہ یہ واقعہ 26 جنوری کو پیش آیا لیکن تاخیر سے منظر عام پر آیا۔ انسپکٹر بھوانی نگر پولیس اسٹیشن محمد امجد علی نے بتایا کہ تالاب کٹہ کے علاقہ صدیق نگر اسٹار کالونی میں ایک نوجوان کی جانب سے کمسن بچہ کو شراب پلانے اور اس کا جنسی استحصال کرنے کا ویڈیو منظر عام پر آیا۔ پولیس اسٹیشن بھوانی نگر سے وابستہ ایک پٹرولنگ پارٹی کے کانسٹبل محمد اسمعیل علی نے اس کیس میں درخواست دائر کرتے ہوئے یہ بتایا کہ کمسن بچہ کے ساتھ بدفعلی کرنے والے کی نشاندہی 28 سالہ عبدالعرفان ساکن صدیق نگر تالاب کٹہ کی حیثیت سے کی گئی۔ اس شخص نے مبینہ طور پر اسی علاقہ کے ساکن ایک کمسن بچہ کا استحصال کرتے ہوئے ایک ویڈیو بھی بنایا اور اسے سوشیل میڈیا پر وائرل کردیا۔ پولیس نے اس سلسلہ میں از خود کارروائی کرتے ہوئے عرفان کے خلاف ایک مقدمہ پوکسو ایکٹ کے تحت درج کیا تھا۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ یہ ویڈیو منظرعام پر آنے کے نتیجہ میں پولیس کی ایک ٹیم عرفان کو گرفتار کرنے کیلئے اس کے مکان پہنچی تھی جہاں اس نے ہنگامہ آرائی کی۔ لیکن پولیس نے اسے کامیاب طور پر گرفتار کرتے ہوئے اسے عدالتی تحویل میں دے دیا۔ب